جنرل منیجر رویندر گپتا نے شجرکاری کی اور کالونی کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ایک بہتر ماحول پیدا کرنے اور ریلوے ملازمین میں ایک اچھا احساس پیدا کرنے کے سلسلہ میں آج بڑے پیمانہ پر شجرکاری مہم شروع کی گئی اور ریلوے ریسیڈنشیل کالونی کا معائنہ کیا گیا ۔ جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے رویندر گپتا نے ’ سامنجیسا دیوس ‘ کے حصہ کے طور پر چلکل گوڑہ ریلوے کالونی سکندرآباد میں ایک پودا لگاکر شجرکاری کا آغاز کیا اور اس کے بعد ریسیڈنشیل لے آوٹ کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں ڈیویژنل ریلوے منیجر ، حیدرآباد ڈیویژن مسز ارونا سنگھ اور دیگر عہدیداروں نے اس مقام پر دستیاب انفراسٹرکچر سہولتوں سے واقف کروایا ۔ رویندرا گپتا نے اس کالونی میں مقیم خاندانوں سے بھی بات کی اور ان سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ خاص طور پر انہوں نے پانی اور برقی سربراہی کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس موقع پر ڈیویژن کے عہدیداروں نے کالونی میں تقریباً 200 پودے لگائے ۔ جنرل مینجر نے کالونی میں مقیم لوگوں سے کہا کہ پودوں کی دیکھ بھال کریں اور مانسون کے دوران مزید پودے لگائیں ۔۔