ممبئی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )بالی ووڈ ایکٹر رنبیر کپور نے کہا کہ حیدرآباد میں حالیہ چلڈرنس فیسٹیول میں شرکت کا موقع ملا اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ تلگو فلم انڈسٹری کے مرکز اس شہر میں بھی ان کے بے شمار مداح ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں وہ فلم فیسٹیول میں شرکت سے گریز کررہے تھے اور اس کے متعلق پس و پیش میں مبتلا تھے لیکن بالی ووڈ میں موجود ان کے ساتھیوں نے خصوصی طور پر جیہ بچن جی اور نندتیاسین نے اصرار کیا کہ وہ چلڈرنس فلم فیسٹیول کو کمتر نہ سمجھیں بلکہ شرکت کرنے پر ہی تم کو معلوم ہوگا کہ فیسٹیول کتنی اہمیت کا حامل ہے ۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے رنبیر کپور نے کہا کہ بالآخر انہوں نے حیدرآباد آنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ اگر وہ حیدرآباد نہ آئے تو وہ ان کیلئے ایک بہترین تقریب سے محروم ہوجانے کے مترادف ہوتا ۔ لہذا آج وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ان کی حیدرآباد کے چلڈرنس فلم فیسٹیول میں پذیرائی کی گئی اور وہ آئندہ بھی ایسے متعدد فیسٹیولس میں شرکت کرنا پسند کریں گے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر بچوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بچوں ے ان سے جس والہانہ محبت اور یگانگت کا اظہار کیا وہ ان کیلئے نا قابل فراموش ہے ۔