سانٹیاگو۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک بے قابو جنگل کی آگ نے جو چلی کے ساحلی شہر وال پرائیسو میں بھڑک اُٹھی تھی۔ 500مکانوں کو راکھ کا ڈھیر بنادیا ۔ رات بھر جلنے والی آگ کی وجہ سے 3000افراد کا تخلیہ کروا دیا گیا ۔ صدر چلی میشل بیشلٹ نے اس علاقہ کو کل رات دیر گئے آفت زدہ علاقہ قرار دیا ۔ ہزاروں افراد پہاڑوں سے جلتے ہوئے مکانوں کا نظارہ کررہے تھے۔ وال پرائیسو بندرگاہ پر فضاء میں کثیف دھواں پھیل گیا تھا۔ 2,70,000آبادی والا ایک شہر 2004ء میں عالمی تہذیبی ورثا قرار دیا گیا تھا جہاں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں۔آتشزدگی کی وجہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔آگ 12پڑوسی علاقوں تک پہنچ گئی۔ سرکاری ٹی وی چینل کی خبر کے بموجب تین ہزار افراد کا تخلیہ کروا دیا گیا ۔ فوج تخلیہ میں مدد کررہی ہے ۔ ایک شخص آگ سے بری طرح جھلس گیا ہے۔
چین میں ٹرین حادثہ ‘15زخمی
بیجنگ۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مشرقی چین کے صوبہ ہیلانگ جیانگ میں ایک مسافر ٹرین آج علی الصبح پٹری سے اترگئیجس کی وجہ سے کم از کم 15افراد زخمی ہوگئے۔ ہاربن ریلویز بیورو نے K7034 ٹرین کے پٹری سے اتر جانے کی توثیق کی ۔ یہ ٹرین ہیہے سے صوبہ دارالحکومت ہاربن جارہی تھی اور مقامی وقت کے مطابق 3:17 بجے شب شہر سوئی ہوا ہیلونگ کاؤنٹی میں پٹری سے اترگئی ۔ زخمی مسافرین کا ہنوز معائنہ کیا جارہا ہے اور وہ ایک ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ۔ سرکاری خبررساں ادارہ ژن ہوا کی خبر کے بموجب تاحال کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے‘ کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے ۔