حیدرآباد 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق اسپیکر لوک سبھا مسز میرا کمار آج شام حیدرآباد پہونچیں۔ میرا کمار کل پردیش کانگریس کی جانب سے منعقد کئے جانے والے احتجاجی پروگرام چلو سرسلہ میں شرکت کرینگی اور وہ سرسلہ ۔ راجنا ضلع میں متاثرہ دلت خاندانوں سے ملاقات کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ ریاستی حکومت نے پردیش کانگریس کمیٹی کو اس پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی ہے اور کانگریس نے اجازت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی ہے ۔ کانگریس کو کل اس پر عدالت سے مثبت فیصلہ ملنے کی امید ہے ۔ ائرپورٹ پر میرا کمار کا صدر پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی اور دوسروں نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ملو بٹی وکرامارکا اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ ائرپورٹ سے میرا کمار سیدھے کریمنگر روانہ ہوگئیں جہاں وہ رات میں قیام کرینگی اور کل چلو سرسلہ پروگرام میں شرکت کرنے والی ہیں۔