ممبئی ۔ 4 ۔ فروری( سیاست ڈاٹ کام) ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے ملزم ابو سالم نے عدالتی تحویل میں رہ کر لکھنو سے واپسی کے دوران نکاح کرلیا ۔ خصوصی ٹاڈا عدالت نے پولیس کمشنر کو اس معاملہ کی تحقیقات کرنے اور 10 دن کے اندر رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ خصوصی جج ٹاڈا جی ایس سائپ نے ایک اخباری اطلاع پر حکم جاری کیا۔ سرکاری وکیل دیپک سالوی نے اس کی تصدیقی کی ہے اور کہا کہ ابو سالم کو ممبئی کے قریب تھانہ جیل سے لکھنو میں ایک مقدمہ کی سماعت کیلئے لے جانے کے دوران اس نے ٹیلی فون پر ممبئی کے علاقہ ممبرا میں رہنے والی ایک نوجوان لڑکی سے نکاح کیا ہے ۔ اس وقت ابو سالم کا بھانجہ راشد انصاری بھی اس کے ہمراہ موجود تھا ۔ عدالت نے ابو سالم کے ہمراہ جانے والی پولیس کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔
یوگانڈا کی خاتون کی بردہ فروشی آشکار
نئی دہلی ۔ 4 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے کھڑکی علاقہ میںمنشیات کا کاروبار اور فحاشی کا مسئلہ پھر ایک بار اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ یوگانڈا کی خاتون کے خلاف کارروائی کی گئی تو پتہ چلا کہ وہ فحاشی میں مصروف ہے۔ عام آدمی پارٹی کے وزیر نے اس خاتون کے خلاف کارروائی کی تھی جس پر ہنگامہ ہوا تھا لیکن اب دہلی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ خاتون فحاشی کا اڈہ چلاتی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اپنی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا موقف واضح ہوچکا ہے۔