چلاّنے والی بطخ

پیارے بچو!کوپنگ سیون (یعنی چیخنے چلاّنے والی بطخیں) قدرتی حالات میں زندہ رہنے والے پرندے ہیں۔ اس شاندار اور خوبصورت پرندے کا رنگ سفید ہوتا ہے اور ان کے پروں کا پھیلاؤ کافی زیادہ ہوتا ہے۔ شمالی یوروپ اور ایشیا میں آئس لینڈ سے لے کر بحرہ بیرنگ تک اتھلی جھیلوں اور پوکھروں میں بچے دیتی ہیں۔
یہ پرندے صرف ٹھنڈے علاقے میں بچے دیتے ہیں۔ کڑاکے کی ٹھنڈ سے بچنے کے لئے جھنڈوں کی شکل میں یہ بطخیں سرد علاقوں سے ہجرت کرکے جاتی ہیں۔ اپنی پرواز کے دوران یہ پرندے اتنی بلندی پر اُڑتے ہیں کہ کم اُڑان والے پرندوں کے لئے اس طرح کے حالات میں پرواز کرنا تو دور کی بات زندہ رہنا بھی مشکل ہے۔ یہ جھنڈ 8200 میٹر تک بلندی پر اُڑتے ہیں جہاں ماحول میں آکسیجن کی مقدار صرف چالیس فیصد ہوتی ہے۔ اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اس پرندے کا سانس لینے کا سسٹم بے حد اونچا ہے۔ کچھ زبانوں میں اس بطخ کو گانے والی بطخ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی پر اُترتے وقت یہ پرندے ایک ساتھ آوازیں نکالتے ہیں جوکہ ایک شیریں گیت جیسی معلوم ہوتی ہیں۔