چرنجیوی گروپ کے ریاستی وزیر سرینواس راؤ کا تلگودیشم میں شمولیت پر غور

تقسیم ریاست پر سیما آندھرا میں کانگریس کے خاتمہ کے آثار پر اقدام، عنقریب چندرابابو نائیڈو سے ملاقات

حیدرآباد 23 فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفراسٹرکچر مسٹر جی سرینواس راؤ جو سال 2009 ء میں مسٹر چرنجیوی کی زیرقیادت پرجا راجیم پارٹی سے انتخاب میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اور پرجا راجیم پارٹی کے کانگریس میں ضم ہوجانے کے بعد ریاستی کابینہ میں شمولیت کا موقع فراہم کیا گیا تھا لیکن اب چونکہ سیما آندھرا سے کانگریس پارٹی کا وجود ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر جی سرینواس راؤ فوری طور پر کانگریس پارٹی کو خیرباد کرکے تلگودیشم پارٹی کے ساتھ اپنا قدم ملانے کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ مسٹر جی سرینواس راؤ کے علاوہ خود تلگودیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر جی سرینواس راؤ بہت جلد صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرکے انھیں تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کے لئے موقع فراہم کرنے کی خواہش کریں گے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نہ صرف مسٹر جی سرینواس راؤ بلکہ ان کے ہمراہ اور بھی کئی اہم قائدین کانگریس پارٹی، تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگودیشم پارٹی اُصولوں کے مطابق ضلع تلگودیشم پارٹی سطح کے قائدین سے ابتدائی نوعیت کی بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے اور اس بات چیت کی تکمیل کے فوری بعد مسٹر سرینواس راؤ کو مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کے پروگرام کو قطعیت دینے کیلئے موقع فراہم ہوگا۔

مسٹر سرینواس راؤ کے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ صدر ضلع تلگودیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر بنڈارو ستیہ نارائنا مورتی اور دیگر بعض اہم قائدین سے مسٹر سرینواس راؤ کی بات چیت جاری ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ دن بھی مسٹر جی سرینواس راؤ نے وشاکھاپٹنم کی ایک ہوٹل میں مسٹر بنڈارو ستیہ نارائنا مورتی اور گنا بابو قائدین تلگودیشم پارٹی کے ساتھ بعض اہم اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات چیت کے دوران مسٹر سرینواس راؤ کی تلگودیشم پارٹی میں عنقریب شمولیت اختیار کرلینے کی راہ ہموار ہوگئی۔ لیکن وہ (سرینواس راؤ) پارٹی میں کب شمولیت اختیار کرنے والے ہیں، تاریخ ابھی واضح نہیں ہوسکی۔ مسٹر سرینواس راؤ کے ہمراہ مزید چار ارکان اسمبلی بھی کانگریس پارٹی چھوڑ کر تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن ان چار ارکان اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کے مسئلہ پر ابھی کوئی واضح طمانیت نہیں دی گئی ہے کیونکہ مسٹر نائیڈو گزشتہ دس سال کے دوران پارٹی کا ساتھ دینے والے قائدین کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی واضح طمانیت دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے کئی سینئر قائدین کانگریس پارٹی، سابق وزراء و ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ اس طرح سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی سے وابستہ کئی قائدین اپنے سیاسی مستقبل کو درخشاں بنانے کیلئے تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کیلئے کوشاں ہیں۔