میگا اسٹار چرنجیوی کی نئی فلم ’سیرا‘‘ کی شوٹنگ اس وقت جارجیہ میں کی جارہی ہے وہیں فلم کی جنگ سے متعلق کچھ سین شوٹ کئے جارہے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی اپنے قارئین کو بتایا تھا کہ اس فلم میں بالی ووڈ کے سوپر اسٹار امیتابھ بچن راج گرو کے کردار میں نظر آئیں گے۔ امیتابھ بچن کی سالگرہ کے موقع پر فلم کا ایک پوسٹر ریلیز کیا گیا جس میں ان کا لک بہت ہی الگ نظر آرہا ہے بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ٹالی ووڈ سوپر اسٹار چرنجیوی کو ایک ساتھ پردے پر دیکھنے کے لئے فلمی شائقین بہت بے چین ہیں۔ فی الحال امیتابھ بچن کے لک کا پوسٹر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے اس سے ان کے چاہنے والے بے حد خوش ہیں۔ اس سے قبل ریلیز فلم کے ٹیزر کو بھی شائقین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔ ڈائرکٹر سریندر ریڈی کے ڈائرکشن میں بن رہی اس فلم میں چرنجیوی کے ساتھ ہیروئین کے رول میں نین تارا نظر آئیں گی۔ اس میں ملکی وائٹ بیوٹی تمنا بھاٹیہ بھی اہم کردار نبھارہی ہیں۔ کافی بڑے بجٹ میں بن رہی اس فلم سیرا نرسمہا ریڈی کو بالی ووڈ موسیقار امیت تیواری اپنی موسیقی سے سجارہے ہیں۔