حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) ہائی سیکورٹی چرلہ پلی جیل میں قیدیوں کے کھلے عام موبائیل فون کے استعمال اور رشوت خوری کے الزامات کے پیش نظر ڈائرکٹر جنرل محابس تلنگانہ مسٹر وی کے سنگھ نے چرلہ پلی جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ راہول اور جیلر نرنجن ریڈی کا اچانک تبادلہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رنگاریڈی سب جیل مقرر کیا گیا ہے جبکہ نرنجن ریڈی کو ورنگل سنٹرل جیل کا جیلر مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ بدنام زمانہ روڈی شیٹر یادگیری اور دیگر قیدیوں کی جانب سے جیل میں کھلے عام موبائیل فون کے استعمال کے واقعات رونما ہوئے تھے اس کے بعد جیل کے اعلیٰ عہدیداروں نے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔