چرلہ پلی جیل سے قیدی فرار

حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) چرلہ پلی سنٹرل جیل سے ایک قیدی فرار ہوگیا جو عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد جیل حکام کی چوکسی اور کارکردگی کی قلعی کھل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ درگرم نرسملو نامی ایک قیدی کی رہائی کیلئے صرف ایک سال باقی تھا اور وہ 8 سال سے زائد کی سزا کاٹ چکا تھا ۔ انسپکٹر کشائی گوڑہ مسٹر وینکٹ رمنا نے بتایا کہ درگرم نرسمہلو کی فرار کی شکایت وصول ہوئی ہے اور تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ اس مفرور قیدی کا تعلق رنگم پلی فاروق نگر منڈل ضلع محبوب نگر سے بتایا گیا ہے ۔ شاہ آباد پولیس کے تحت ایک کارروائی میں قتل اور اقدام قتل کے مقدمہ میں نرسمہلو کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ چرلہ پلی جیل حکام نے اس قیدی کو اوپن جیل میں رکھا تھا اور قیدی ہر روز دیگر 7 قیدیوں کے ہمراہ دودھ لانے جایا کرتا تھا ۔ روزانہ کے معمول کی طرز پر وہ آج صبح 3 تا 4 بجے کے درمیان دودھ لانے کیلئے دیگر قیدیوں کے ہمراہ گیا اور واپس نہیں آیا۔