چرلا پلی جیل سے 13 قیدی رہا

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : سلیم الہندی جنرل سکریٹری موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ کی اطلاع کے بموجب خواجہ معین الدین صدر ایم پی جے کے ہمراہ جیلر کی دعوت پر وہ چرلا پلی جیل پہنچے ۔ ملاقات کے دوران جیلر نے اچھے چال چلن کی بنیاد پر چند ایسے قیدیوں کی قانونی اور مالی مدد کی سفارش کی جن کی قید کی میعاد مکمل ہوچکی تھی لیکن ان کے لواحقین جرمانہ کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھے ۔ چنانچہ ایم پی جے کی جانب سے فوری قانونی اور مالی مدد کی فراہمی کے بعد آج 13 غریب اور نادار قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی ۔ جیل کے احاطہ میں ان کی کونسلنگ کی گئی تاکہ وہ دوبارہ کبھی کسی معمولی جرم کا بھی ارتکاب کرنے کی جرات بھی نہ کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی جے کی قانونی اور مالی مدد کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کی دیگر جیلوں سے جیلر کی سفارش پر نادار ، غریب اور مستحق قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے ۔۔