چدمبرم کی فیملی کیخلاف محکمہ انکم ٹیکس کا فوجداری معاملہ کالعدم

برطانیہ میں مشترک ملکیت کے تعلق سے کیس نہیں بنایا گیا: مدراس ہائیکوٹ
چینائی ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پریشانی میں گھرے کانگریس لیڈر پی چدمبرم کو راحت میں مدراس ہائی کورٹ نے کالے دھن کے ایک کیس میں اُن کے فیملی ممبرس کے خلاف فوجداری کارروائی کو آج کالعدم کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے خلاف اس طرح کا کوئی جرم وضع نہیں کیا گیا ہے۔ یہ مسئلہ چدمبرم کی اہلیہ نلینی، اُن کے بیٹے کارتی اور بہو سریندھی کے سمندرپار اثاثہ جات اور بینک کھاتوں کے مبینہ عدم انکشاف سے متعلق ہے۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے مطابق تینوں نے اپنے ریٹرنس میں ایک جائیداد کا انکشاف نہیں کیا تھا جو برطانیہ کے کیمبرج میں اُن کی مشترکہ ملکیت مالیتی 5.37 کروڑ روپئے ہے؛ قوانین کے تحت جرم قرار پاتا ہے۔ جب اُن کی عرضیاں جسٹس ایس مانیک کمار اور جسٹس سبرامنیا پرساد کی ڈیویژن بنچ کے روبرو پیش کی گئیں ، ججوں نے کہا کہ کوئی کیس نہیں بنایا گیا اور فوجداری مقدمہ بازی کو کالعدم کردیا۔ سابق مرکزی وزیر کے ارکان خاندان نے فوجداری مقدمہ کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے رٹ عرضیاں داخل کئے تھے۔