حیدرآباد 14 مارچ ( یو این آئی) انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں پولیس کافی چوکس ہوگئی ہے اور جگہ جگہ گاڑیوں کی تلاشی کی جارہی ہے کہ غیر قانونی طورپر رقومات کی منتقلی پر روک لگائی جاسکے ۔آج پولیس کی اسی چوکسی کے نتیجہ میں اے پی کے ضلع چتور میں بھاری رقم ضبط کی گئی جو گاڑی میں منتقل کی جارہی تھی۔ضلع کے واڈامالاپیٹ ٹول پلازہ کے قریب پولیس کی تلاشی مہم کے دوران ٹاٹاایس گاڑی سے 1.09کروڑروپئے کی نقد رقم ضبط کی گئی۔پولیس نے اس رقم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کا سامان بھی ضبط کیا ۔یہ گاڑی تمل ناڈو سے تروپتی جارہی تھی۔اس رقم کے مناسب دستاویزات دکھانے میں ناکامی پر اس رقم کو ضبط کرلیاگیا ۔