چتور فائرنگ: دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش

حیدرآباد۔/22اپریل، ( پی ٹی آئی) حکومت آندھرا پردیش نے 7اپریل کو ضلع چتور میں پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے 20افراد کے منجملہ 6 مہلوکین کی دوبارہ پوسٹ مارٹم رپورٹ مہربند لفافہ میں حیدرآباد ہائی کورٹ کو پیش کردی۔ چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا اور جسٹس پی وی سنجے کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے 24اپریل کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ بنچ کو آج مطلع کیا گیا کہ 20افراد کی فائرنگ میں ہلاکت کے تعلق سے فارنسک سائنس لیباریٹری رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ڈی سرینواس نے بتایا کہ یہ رپورٹ 24اپریل کو پیش کی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے پیر کو 20 مہلوکین کی پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کی تھی۔ 6مہلوکین کے ارکان خاندان نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا مطالبہ کیا تھا چنانچہ ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتہ 6مہلوکین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت دی تھی۔