چاول کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے قانون میں ترمیم کی تجویز

ہر گھر کو پکوان گیاس کنکشن ، وزیر سیول سپلائز ایٹالہ راجندر
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائز مسٹر ایٹالہ راجندر نے چاول کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کے لیے قانون میں ترمیم کی حکمت عملی تیار کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ دیپم اسکیم کے تحت ہر گھر کو پکوان گیس کنکشن دینے کا اعلان کیا ۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے آج محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کا 7 گھنٹوں تک مختلف مسائل پر جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں کمشنر سیول سپلائز مسٹر سی وی آنند کے علاوہ لای ایس اوز ۔ ڈی ایم اوز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر غریب کو بھوکے پیٹ سونے نہیں دینے کی سونچ رکھتے ہیں اور اس پر ہونے والے مالی اخراجات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں رکھتے لہذا محکمہ سیول سپلائز کو چاہئے کہ وہ چیف منسٹر کے جذبہ انسانیت سے سبق حاصل کرتے ہوئے کام کریں ۔ محکمہ سیول سپلائز کا کئی ایجنسیوں سے تعلق ہے لہذا مسائل کا روزانہ جائزہ لینے اور فوری اس کی یکسوئی کرنے کی ہدایت دی ۔ گذشتہ ڈھائی سال کے دوران ڈپارٹمنٹ کو اسٹریم لائن کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ مزید اور کام کرنا باقی ہے ۔ ضرورت پڑنے پر موجودہ قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے چاول کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیااور اس کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی کمشنر سیول سپلائز کو ہدایت دی ۔ عہدیداروں نے وزیر کو بتایا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے پیش نظر ملازمین کی تقسیم کے عمل کو پورا کرلیا گیا ہے ۔ محکمہ میں ملازمین کی جو کمی ہے اس کو محکمہ مال کے ملازمین سے پورا کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں تجربہ کے طور پر شروع کردہ ای پاس سسٹم سے ٹرانسپورٹ کے بے قاعدگیوں پر 25 فیصد کنٹرول ہوا ہے ۔ اس کو سارے ریاست تلنگانہ میں رائج کیا جائے گا ۔ ٹکنالوجی کے استعمال سے 60 فیصد بے قاعدگیوں پر کنٹرول کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سخت نگاہ اور ضرورت کے مطابق سخت فیصلے کرتے ہوئے محکمہ سیول سپلائز کو جوابدہ بنانے کا ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے اعلان کیا ہے ۔ خریف سیزن کے غذائی اجناس کو خریدنے کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات کرنے کے علاوہ 25 لاکھ ٹن غذائی اجناس خریدنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ غذائی اجناس کی ذخیرہ اندوزی کے لیے گودامس تیار رکھے جارہے ہیں ۔ وزیر نے جاریہ سال خواتین کو پکوان گیاس فراہم کرنے کے معاملے میں مختص کردہ 20 لاکھ کنکشن میں صرف 8 لاکھ کنکشن فراہم کرنے پر عہدیداروں پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ محکمہ کو فائدے میں پہونچانے کے لیے تمام ملازمین کو آپسی تال میل اور رابطے سے کام کرنے پر زور دیا ۔۔