چندا نگر لنگم پلی اور یاچارم کے گوداموں پر دھاوے
حیدرآباد /7 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے چاول کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور غیر مجاز منتقلی کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی ہے ۔ گذشتہ روز کی گئی کارروائی کے بعد اسپیشل آپریشن ٹیم نے آج چندا نگر ، لنگم پلی اور یاچارم کے گوداموں میں دھاوا کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر چاول کو ضبط کرلیا ۔ ایس او ٹی نے کمشنر کی خصوصی ہدایت پر کارروائی انجام دی ہے ۔ راشن دوکانات کے چاول کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف راشن ڈیلروں کی ملی بھگت اور درمیانی افراد کی سرگرمیوں پر کمشنر پولیس سائبرآباد کافی برہم ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس او ٹی نے اپنی کارروائی میں 4 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور شخص مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے وجئے سنگھ 42 سال ساکن لنگم پلی ،ای سداشیو 26 سال ساکن عطاپور ، رام سنگھ 40 سال ساکن لنگم پلی اور کے کمار 30 سال ساکن یاچارم کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ ایک اور سرغنہ جگن مفرور بتایا گیا ہے ۔ ایس او ٹی پولیس نے چندا نگر میں کی گئی کارروائی میں 50 کیلو فی تھیلے کے حساب سے 110 راشن کے تھیلے ضبط کرلئے ۔ جبکہ لنگم پلی میں 25 کیلو فی بستہ کے لحاظ سے 280 تھیلے اور یاچارم میں 50 کیلو فی تھیلے کے لحاظ سے 12 تھیلے ضبط کرلئے ۔ پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے ۔