چانسلر جرمنی انجیلا مرکل کا یوکرین کے بارے میں تیقنات کی تکمیل سے قاصر رہنے کا روس پر الزام

برلن 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چانسلر جرمنی انجیلا مرکل نے آج کہاکہ روس یوکرین میں پھیلی ہوئی کشیدگی میں کمی کرنے کے لئے اقدامات سے قاصر رہا ہے، جس کا اُس نے تیقن دیا تھا۔ انجیلا نے کہاکہ ٹیلیفون پر صدر روس سے گزشتہ ہفتہ بات چیت کے بعد اُنھیں توقع تھی کہ وہ یوکرین کی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے گا اور سرحد کے حساس علاقے میں کشیدگی میں کمی کرے گا لیکن روس اپنے تیقنات کی تکمیل سے قاصر رہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر صورتحال میں استحکام پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں تو جرمنی اِن کا خیرمقدم کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ فی الحال یوکرین کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جرمنی روس کے ساتھ بات چیت کرنے کے عہد کا پابند ہے۔