حیدرآباد ۔ 27فبروری ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ جمادی الاخریٰ1438ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا ۔ شہر میں مطلع صاف تھا اور چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف ‘ ورنگل ‘ نظام آباد ‘ محبوب نگر ‘ بسوا کلیان ‘ اورنگ آباد ‘ ناندیڑ ‘ بیڑ ‘ اننت پور ‘ پٹنہ ‘ دہلی ‘ لکھنو ‘ کلکتہ ‘ چنائی ‘ بنگلور ‘ ممبئی ‘ آسام ‘ سورت ( گجرات) اور جھارکھنڈ کے علاقوں سے مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر نہیں آیا ۔ بربناء اطلاعات تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 28فبروری 2017ء بروز منگل 30جمادی الاول 1438ھہوگی ۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری‘ حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین ‘ حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ‘ حضرت مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ علما کا بیان
علی اصغر جعفری نے اطلاع دی ہے کہ کُل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت کی اطلاع ملی ۔ لہذا اس شنبہ 28فبروری کو 30جمادی الاول اور یکم مارچ 2017 کو یکم جمادی الثانی 1438 ہوگی ۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علما کی ہے ۔ مولانا سید نبی حسن زیدی ‘ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ‘ مولانا سید ظفر یاب حیدر ‘ مولانا رضا عباس خان ‘ مولانا سید جلال حیدر ‘ مولانا عسکری علی خان اور مولانا سید جواد عابدی ۔