حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ رمضان المبارک 1435 ھ زیر نگرانی حضرت سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا ۔ شہر میں مطلع ابر آلود تھا ، چاند نظر نہیں آیا ۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف ، ادھونی ، گنٹور ،کرنول ، اننت پور ، ورنگل ، کریم نگر ، وجئے واڑہ ، محبوب نگر ، بودھن ، نیلور ، عادل آباد ، کلکتہ ،پٹنہ ، بہار سے مطلع ابر آلود ہونے کی اطلاع ملی ۔ نیز دہلی ، پہلواری ، ممبئی ، مدراس سے مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات ملیں ۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 29 جون 2014 روز یکشنبہ 30 شعبان المعظم 1435 ھ ہے ۔ اس اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانامفتی خلیل احمد ، مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی ، مولانا سید ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری ، مولاناسید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ اور قاضی فاروق عارفی نے شرکت کی ۔۔
شیعہ علماء و ذاکرین کی توثیق
٭٭ جناب علی اصغر جعفری نے اطلاع دی ہے کہ شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کردیا ہے کہ ہندوستان کے کسی بھی مقام سے رویت کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ اس لیے بروز دوشنبہ 30 جون یکم رمضان ہوگی ۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء نے کی ہے ۔ مولانا سید رضا آقا ، مولانا سید نبی حسن ، مولانا سید ابراہیم جزائری ، مولانا ظفر یاب حیدر ، مولانا سید علی نقی نجفی ، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، مولانا علی حیدر فرشتہ ، مولانا رضا عباس اور مولانا جلال حیدر ۔۔