چاند نظر نہیں آیا رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

حیدرآباد۔/17 جون ، راست ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ رمضان المبارک 1436 ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر و اطراف بلدہ میں مطلع ابر آلود تھا چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف، رائچور، نیلور، رحمت آباد شریف، گنٹور، بلہاری، کپل، ورنگل، محبوب نگر، بنگلور، نظام آباد، کرنول، جگتیال ، چتور، وجئے واڑہ، بیجا پور، ویلور، اننت پور، ادونی، ناندیڑ، اورنگ آباد، ممبئی، اجمیر شریف، چنائی اور پٹنہ سے مطلع ابر آلود ہونے اور چاند نظر نہیں آنے کی اطلاعات ہیں۔ لہذا تحت احکام شریعہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ 18جون بروز جمعرات 30شعبان المعظم 1436 ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری، حضرت مولانا سید محمود پادشاہ قادری زرین کلاہ، حضرت مولانا سید حامد محمد افتخار پاشاہ قادری، حضرت مولانا سید اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری اور قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کا بیان
٭ علی اصغر جعفری نے اطلاع دی ہے کہ کل ہند مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کردیا کہ آج 17جون کو چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کسی مقام سے رویت کی اطلاع ملی۔ اس لئے بتاریخ 19جون بروز جمعہ یکم رمضان المبارک ہوگی، اس کی حسب ذیل علماء نے تصدیق کی ہے: مولانا سید رضا ، مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا سید ابراہیم جزائری، مولانا سید ظفر یاب حیدر، مولانا سید علی نقی نجفی ، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدرآقا ، مولانا رضا عباس، مولانا سید جلال حیدر۔
مسلم ملازمین کو ایک گھنٹہ کی رعایت
حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سرکاری مسلم ملازمین بشمول اساتذہ اور آؤٹ سورسنگ ایمپلائز کو ماہ رمضان کے دوران 18جون تا 17جولائی ایک گھنٹہ قبل 4بجے دفاتر سے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس خصوص میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔