چاند نظر آگیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

حیدرآباد ۔ /2 اکٹوبر (پریس نوٹ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ محرم الحرام 1438 ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام 6 بجے بمقام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا ۔ شہر و اطراف بلدہ میں چاند نظر آگیا ۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف سے ضلع کے اطراف و اکناف کے مقامات سے چاند نظر آنے کی اطلاعات ملیں ۔ علاوہ ازیں محبوب نگر ، ورنگل ، میدک ، بھونگیر ، اُدگیر ، یرگپہ (کرناٹک) ، ناندیڑ ، قندھار ، نلگنڈہ ، جنگاؤں اور ویلور سے چاند نظر آنے کی اطلاعات ملیں لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ /3 اکٹوبر 2016 ء بروز پیر یکم محرم الحرام 1438 ھ ہوگی ۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ اور قاضی سید نوراللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ علماء و ذاکرین کا بیان
٭   سید علی اصغر جعفری نے اطلاع دی ہے کہ کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد میں چاند نظر آگیا ہے، لہذا 3 اکتوبر دوشنبہ کو یکم محرم 1438ھ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے۔ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خان، مولانا سید جلال حیدر، مولانا عسکری علی خاں اور مولانا میر جواد علی عابدی۔
برقی سربراہی میں خلل کی شکایت
۰۰۰ محرم کے دوران پرانے شہر میں برقی سربراہی و دیگر انتظامات کو موثر بنانے حکومت کے تیقن کے باوجود آج نور خاں بازار ، بالسٹی کھیت وغیرہ میں برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہوئیں۔