چاند نظر آگیا‘ آج عیدالفطر‘ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

حیدرآباد /25 جون (پریس نوٹ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہِ شوال المکرم 1438ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری آج شام 6.30 بجے بمقام حسینی بلڈنگ میں منعقد ہوا ۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا ۔ رائچور و محبوب نگر سے عدم رویت کی اطلاعات ملیں ۔ البتہ نندیال ، کڑپہ ، کرنول ، اننت پور ، چنچن (مہاراشٹرا) کے علاوہ پٹنہ (بہار) سے چاند نظر آنے کی اطلاعات ملیں ۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علما دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ /26 جون بروز دوشنبہ یکم شوال المکرم 1438 ھ (عیدالفطر) ہوگی ۔ اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجادپاشاہ قادری ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید اولیا حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری ، مولانا سید حامد محمد افتخار پاشاہ قادری و جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ علما کا بیان
سید علی اصغر جعفری کے بموجب کل ہند شیعہ مجلس علما وذاکرین نے اعلان کیا کہ ملک کے کئی مقامات سے روئیت کی اطلاع ملی ہے ۔ لہذا دوشنبہ 26 جو ن کو یکم شوال ( عید الفطر ) ہوگی ۔ اس کی تصدیق مولانا سید نبی حسن زیدی ‘ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدرآقا‘ مولانا سید ظفر یاب حیدر‘ مولانا رضا عباس خان ‘ مولانا جلال حیدر‘ مولانا عسکری علی خاں و مولاناسید جواد عابدی نے کی۔