چامندیشوری : سدارامیا ، دیوے گوڑا کے درمیان مقابلہ

میسورو3مئی(سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے حلقہ اسمبلی چامندیشوری میں یہ سوال گشت کر رہا ہے کہ آیا یہ حلقہ 12مئی کے انتخابات میں وزیراعلیٰ سدارامیا کے بچاؤ میں آگے آئے گا جن کوکرناٹک میں 2006ء میں دوسرا سیاسی جنم اسی حلقہ نے دیا تھا۔ ریاست میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان شدید انتخابی لڑائی دیکھی جارہی ہے ۔اس حلقہ سے سدارامیا کا مقابلہ اپنے کسی دَور کے قریبی رفیق رہے جی ٹی دیوے گوڑا سے ہورہا ہے جو سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی پارٹی جے ڈی ایس کے ا میدوار ہیں۔اس مرتبہ کی انتخابی جنگ نے 2006ء کے انتخابی فسانے کو یاد دلایا ہے جب سدارامیا کو جنتادل ایس سے نکال دیا گیا تھا اور انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔اس حلقہ سے وہ 257 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے تھے ۔ انھوں نے چامندیشوری سے 2006ء سے قبل 2004، 1994، 1985 اور 1983ء میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ورونا حلقہ سے وہ 2008اور 2016میں کامیاب ہوئے تھے ۔