چالاکی کام نہ آئی

ارشد ایک بہت ہی ذہین لڑکا تھا لیکن وہ اپنی ذہانت کو استعمال نہیں کرتاتھا ۔ اس کا دل اسکول جانے کو نہیں چاہتا تھا ‘ وہ بس گھر بیٹھ کر آرام کرنا چاہتا تھا لیکن اس کی امی اسے زبردستی اسکول بھیج دیتی تھیں جس سے وہ بہت تنگ تھا ۔ آخر اس کے دماغ میں ایک ترکیب آئی ۔ اگلی صبح جب اس کی امی نے اسے اٹھایا تو اس نے بخار کا بہانہ کر کے ایک ہفتہ اپنی امی سے اسکول سے چھٹی کرنے کی اجازت لے لی ۔ ادھر وہ خوش ہورہا تھا اور ادھر اس کی امی نے اس کے ابو سے بات کی تو انہوں نے ارشد کو چکنی ‘ چٹ پٹی ‘ ٹھنڈی اور کھٹی چیزیں کھانے سے منع کردیا ۔ اب وہ بڑا پریشان ہوا کہ یہ اس نے کیا کردیا کیونکہ وہ چھپ کر بھی نہیں کھاسکتا کہ امی اس پر نظر رکھے ہوئے تھیں ۔ مشکل سے اس نے اس حالت میں دو دن گزارے اور جب اس سے برداشت نہ ہوا تو اس نے اپنی امی کو سب کچھ سچ سچ بتاکر ان سے معافی مانگی اور التجا کی کہ وہ ابو کو کچھ نہ بتائیں ‘ ورنہ اسے مار پڑے گی ۔امی نے اسے اس شرط پر معاف کردیا کہ وہ دل لگاکر پڑھے گا اور دوبارہ ایسی حرکت کبھی نہیںکرے گا اور ساتھ ہی راہ راست پر آنے کا تحفہ انہوں نے ارشد کو یہ دیا کہ وہ پورا ہفتہ اسکول سے چھٹی کرسکتا ہے ۔ ارشد اب بہت اچھا بچہ بن گیا تھا ۔