چار فیصد تحفظات سے مسلمانوں میں انقلابی ترقی

کانگریس اقلیتوں کی بہبود کی پابند، گاندھی بھون میں دعوت افطار ، پونالہ لکشمیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی اور بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند اقلیتوں کو سب پلان فراہم کرنے کے فیصلے پر اٹل ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج گاندھی بھون میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی معاون صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی نائب صدر و ڈپٹی فلور لیڈر مسٹرمحمد علی شبیر ، جناب عابد رسول خاں صدر نشین ریاستی اقلیتی کمیشن ، سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر ، ڈپٹی قونصل جنرل ایران جناب آغا فریادی ، کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ مسٹر نندی ایلیا ، مسٹر ایم اے خاں سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر ، صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد سراج الدین، ترجمان تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر ایس کے افضل الدین ، کانگریس کے رکن اسمبلی و یوتھ کانگریس کے صدر ومشی چندر ریڈی ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری مسٹر سید عظمت اللہ حسینی صدر نشین سٹ ون مسٹر محمد مقصود احمد سکریٹریز پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی مسٹر جابر پٹیل مسٹر محمد جاوید مسٹر صمد خاں مسٹرمحمد ایوب خاں کے علاوہ کانگریس کے قائدین میں مسٹر شیخ عبداللہ سہیل مسٹر محمد معراج خاں کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کانگریس کے افطار پارٹی میں شرکت کرنے والے مسلم بھائیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے عید کی پیشگی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کانگریس اور اقلیتوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ اقلیتوں کے بغیر کانگریس ادھوری ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے ۔ جس سے مسلمانوں میں انقلابی ترقی آئی ہے ۔ تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کو مکمل فائدہ ہورہا ہے اور سیاسی طور پر بھی مسلمان ان تحفظات سے استفادہ کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ایس سی ایس ٹی طبقات کے طرز پر اقلیتوں کو بھی سب پلان فراہم کرنے کے حق میں ہے ۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی و ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے غزہ میں اسرائیل کی ظالمانہ کارروائی اور معصوم بچوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلیجی ممالک سے بہترین تعلقات ہیں ۔ یاسرعرفات کے دور میں اور بھی استحکام ہوا ہے ۔ تاہم موجودہ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت اپنی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ انہوںنے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں قرار داد منظور کراتے ہوئے جنگ بندی کرانے کی پہل کریں اور فلسطین و غزہ میں معصوم افراد کا جو خون بہہ رہا ہے ۔ اس کو روکنے پر زور دیا ساتھ ہی سارے عالم کے مسلمانوں سے مصیبت زدہ فلسطینیوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ۔۔