چار ریاستی وزراء حکومت تشکیل دینے کے خواہاں

حیدرآباد۔ 20 فروری (سیاست نیوز) ریاست کے چار سینئر وزراء نے مسٹر این کرن کمار ریڈی کے چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد آج ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے ریاستی گورنر سے ملاقات کرکے انہیں موقع فراہم کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکثریت بھی ثابت کردکھانے کیلئے تیار ہیں۔ ان وزراء نے ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے کہا کہ موجودہ حالات میں صدر راج نافذ کرنا ریاست کیلئے بالکلیہ طور پر نامناسب ہوگا۔ راج بھون کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ صدر پردیش کانگریس کمیٹی و وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی ستیہ نارائنا کی قیادت میں چار سینئر وزراء پر مشتمل ایک وفد نے مسٹر نرسمہن سے ملاقات کی۔

ان میں دیگر تین اے رام نارائن ریڈی وزیر فینانس، این راگھوویرا ریڈی وزیر مال، کے لکشمی نارائنا وزیر زراعت شامل تھے۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے ان وزراء بالخصوص اے رام نارائن ریڈی نے کہا کہ یہ خیرسگالی ملاقات تھی اور کوئی سیاسی نوعیت کی بات چیت نہیں کی گئی، تاہم ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ چیف منسٹر کے پیش کردہ استعفیٰ کو منظور کرلئے جانے کا ریاستی گورنر نے ابھی تک کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ان وزراء کی گورنر سے ملاقات کے پس پردہ کانگریس ہائی کمان کا ہاتھ کارفرما ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان چاروں وزراء میں سے کسی کو بھی حکومت تشکیل دینے کا گورنر کی جانب سے موقع فراہم کرنے کی صورت میں علاقہ تلنگانہ کے تمام وزراء اور ارکان اسمبلی تائید پر رضامندی کا اظہار کرچکے ہیں۔