چار ریاستوں میں بی جے پی کو اقتدار : اگزٹ پول

نئی دہلی 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی مختلف ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی مختلف فرق کے ساتھ کلین سوئپ کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ اگزٹ پولس کے مطابق چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور دہلی میں بی جے پی کی کامیابی کا قوی امکان ہے۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اُسے قطعی اکثریت حاصل ہوگی جبکہ چھتیس گڑھ میں معمولی فرق کے ساتھ کامیابی کا امکان ہے اور دہلی میں بی جے پی کو اکثریت کے لئے صرف چند نشستوں کی ضرورت لاحق ہوگی۔ انتخابات کے امکانی نتائج فی الحال بی جے پی کے ہندوتوا وزارت عظمیٰ امیدوار اور چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کے حق میں ہیں جنھوں نے اِن چار ریاستوں میں سرگرم انتخابی مہم چلائی تھی۔ اِن چار ریاستوں میں مجموعی طور پر لوک سبھا نشستوں کی تعداد 72 ہے اور بی جے پی کو 2014 ء عام انتخابات کے تعلق سے عوامی رجحان کا بخوبی اندازہ ہوسکتا ہے۔ دہلی میں آج ریکارڈ 67 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔ C فور اگزٹ پول میں بی جے پی کو 70 کے منجملہ 34 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اے بی پی ۔ نیلسن سروے میں بی جے پی کو دہلی میں 37 نشستوں پر کامیابی کا امکان ظاہر کیا گیا۔ اروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی کو 14 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے جبکہ نیلسن سروے کے مطابق اُسے 15 نشستیں ملیں گی۔ مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ چوہان کی بحیثیت بی جے پی چیف منسٹر ہیٹ ٹرک یقینی ہے۔ سی فور اگزٹ پول کے مطابق 230 نشستوں کے منجملہ بی جے پی کو 135 اور نیلسن سروے کے مطابق 138 نشستیں ملیں گی۔ سی این این ۔ آئی بی این ۔ دی ویک کے سروے میں بی جے پی کو 136 تا 140 نشستوں پر کامیابی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کانگریس کو 77 تا 84 نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔ سروے کے مطابق راجستھان میں چیف منسٹر اشوک گہلوٹ کی زیرقیادت کانگریس حکومت کو بی جے پی بیدخل کردے گی۔ راجستھان اسمبلی کی 200 نشستوں کے منجملہ سی فور کے مطابق بی جے پی کو 111 اور سی این این ۔ آئی بی این کے مطابق 126تا 136 نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ اُسی طرح کانگریس کو 73 اور سی این این ۔ آئی بی این کے مطابق 49 تا 57 نشستوں پر کامیابی ہوگی۔ چھتیس گڑھ میں سی وی رمن سنگھ بی جے پی ہیٹ ٹرک کے لئے تیار ہیں۔ اسمبلی کی 90 کے منجملہ 46 نشستوں پر بی جے پی اور کانگریس کو 38 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے۔ رمن سنگھ معمولی اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار حاصل کرسکتے ہیں۔ ان چار ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 8 ڈسمبر کو ہوگی۔ دہلی میں آج غیرمعمولی طور پر 67 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اس سے پہلے 1993 ء کے الیکشن میں 61.75 فیصد رائے دہی درج کی گئی تھی جو اب تک کا ریکارڈ تھا ۔