چار حجاج کرام کی وقت مقررہ سے قبل وطن واپسی

تلنگانہ حج کمیٹی سے انتظامات ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 21۔ستمبر (سیاست نیوز) فریضہ حج کی تکمیل کے بعد 4 حجاج کرام کی  ناگزیر وجوہات کے سبب مقررہ وقت سے قبل وطن واپسی کے انتظامات تلنگانہ حج کمیٹی نے کئے ہیں۔ ان میں سے دو حجاج کرام کل حیدرآباد واپس ہوگئے جبکہ مزید دو جمعہ کی صبح حیدرآباد پہنچیں گے ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے احمد سلیم اور ان کی اہلیہ خیر النساء جو عزیزیہ زمرہ میں شامل تھے، حیدرآباد میں والدہ کی طبیعت بگڑنے پر وقت سے قبل وطن واپس ہوگئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حج مشن اور متعلقہ معلم کے تعلق سے واپسی کے انتظامات کئے ۔ ان کے علاوہ جوگی پیٹ کی 76 سالہ ضمیر النساء جن کے کولہے کی سرجری ہوئی تھی، وہ کل شام جدہ سے حیدرآباد کیلئے واپس ہوں گی۔ ان کے ہمراہ مرزا شمشیر بیگ ہے جو محرم کی حیثیت سے روانہ ہوئے تھے۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد انہوں نے سرجری کے سبب جلد واپسی کی خواہش کی اور تلنگانہ حج کمیٹی نے اس کے انتظامات کرائے ہیں۔ مقررہ پروگرام کے مطابق ان دونوں کی واپسی 8 اکتوبر مقرر تھی ۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی کے شیڈول سے قبل وطن واپس ہونے والے حجاج کرام کو اپنے خرچ سے ٹکٹ حاصل کرنا پڑتا ہے۔ اسی دوران دو حجاج کرام جن کی طبیعت خراب ہونے پر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ، ان میں سے ایک کو ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے حاجی کی کل ہاسپٹل سے رخصت کا امکان ہے۔

خادم الحجاج نے اطلاع دی ہے کہ حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور مذکورہ معلم نے حجاج کرام کو روانگی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر ایرپورٹ ٹرمنل میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں بہت جلد حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے جی ایم آر سے خواہش کی گئی ہے کہ وزیٹرس کے لئے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا جائے۔ حجاج کے قافلوں کی واپسی کا 5 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی توقع ہے کہ پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور حج ٹرمنل کے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔