تین بہنیں سوتیلی ماں سے الجھ پڑیں، سہیلی کے ساتھ نامعلوم مقام روانہ، شہر میں سنسنی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مانصاحب ٹینک اور وجئے نگر کالونی کے علاقہ سے آج چار نوجوان لڑکیاں اچانک لاپتہ ہوگئیں۔ ڈگری اور انٹرمیڈیٹ میں زیر تعلیم ان طالبات کے اچانک غائب ہوجانے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان چار لڑکیوں میں تین بہنیں ہیں اور ایک بڑی بہن کی سہیلی ہے ۔ پولیس ہمایوں نگر کے مطابق صفیہ فاطمہ ، رشا فاطمہ ، آفرین فاطمہ اور محمدی بیگم اپنے گھر سے ساز و سامان کے ساتھ فرار ہوگئیں ۔ ان تینوں بہنوں کے والد محمد عیسیٰ جو سرکاری ملازم بتائے گئے ۔ پولیس ہمایوں نگر سے شکایت درج کرائی ہے۔ سب انسپکٹر ہمایوں نگر ای نریش نے بتایا کہ محمدی بیگم اور صفیہ بیگم دونوں ڈگری کی طالبات ہیں جو خیریت آباد کے علاقہ میں واقع ایک مشہور و معروف کالج کی ایک ہی کلاس میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ آج صبح تقریباً ساڑھے دس بجے محمدی اور صفیہ نے کالج سے نکل کر محمدی کے مکان واقع وجئے نگر کالونی کا رخ کیا اور وہاں سے صفیہ کے مکان پہونچی اس وقت آٹو میں پولیس کے مطابق محمدی کا سامان تھا ۔ صفیہ جلد اپنے مکان میں آئی اور اپنی دونوں بہنوں آفرین اور رشا کو ساتھ لے لیا اور فوری طور پر یہ تینوں بہنوں سامان کو باندھ رہی تھیں کہ ان کی سوتیلی ماں نے ان سے دریافت کیا تو وہ اس سے الجھ پڑھیں ۔ ایس آئی نریش نے بتایا کہ تینوں بہنوں نے اپنی سوتیلی والدہ کو جو انہیں روکنے کی کوشش کر رہی تھیں ڈھکیل دیا اور سامان لیکر آٹو میں سوار ہوگئیں۔ اس دوران ان لڑکیوں کی سوتیلی ماں نے پڑوسیوں کو آواز دی اس سے قبل تینوں بہنیں آٹو میں سوار ہوکر چلی گئیں۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ 8 ماہ قبل لڑکیوں کی والدہ کی موت ہوگئی تھی اور دو ماہ قبل ان کے والد نے دوسری شادی کرلی تھی ۔ ہمایوں نگر پولیس مصروف تحقیقات ہے۔