راجمندری ۔ 12؍ اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر نماکائیلا چنا راجپا نے آج کہا کہ طوفان ہد ہد سے بری طرح متاثر چار ساحلی اضلاع کے تقریباً 90,000 متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں پہنچا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاکیناڈا کلکٹریٹ پر سائیکلون کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں وشاکھاپٹنم ‘ وجیانگرم ‘ سریکاکلم اور مشرقی گوداوری کے 90,000 افراد کو ریلیف کیمپوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ چار اضلاع کے 44 منڈلوں کے تحت 320 مواضعات طوفان سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ‘ ریلیف کیمپوں میں غذا کے علاوہ پینے کا صاف پانی اور دیگر امدادی ساز و سامان پہنچایا جا رہا ہے ‘‘ ۔ محکمہ جات آبپاشی ‘ مال ‘ پولیس اور فائر بریگیڈ کے عہدیدار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ مشرقی گوداوری کی ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے جو خصوصی کنٹرول روم میں موجود تھیں کہا کہ اس ضلع کے 30,285 افراد کو 60 ریلیف کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے ۔