چیف منسٹر کی ہدایت پر شہر میں مرحلہ وار مارکٹس ، جی ایچ ایم سی کے اقدامات
حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر کے متعدد مقامات پر عصری مارکٹوں کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے اراضیات کی بھی نشاندہی کرلیا ہے ۔ اس ضمن میں بلدیہ نے ٹنڈرس اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے ۔ ذرائع کے بموجب عصری مارکٹوں میں سبزی ، گوشت ، میوہ جات اور پھولوں کی فروخت کی بھی سہولت رہے گی ۔ تفصیلات کے بموجب پرانے شہر کے تاریخی چارمینار میں بھی عنقریب ایک ایسی سوپر مارکٹ کا قیام عمل میںلایا جائے گا جہاں پرہمہ قسم کی اشیائے ضروریہ کی فروخت کا نظم رہے گا ۔ مذکورہ بالا تمام مارکٹ کو قائم کرنے کیلئے بلدیہ نے اراضی کی بھی نشاندہی کرلی ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جانہ ہوگا کہ شہر میں اس وقت 30 مارکٹس قائم ہیں ۔ تاہم ایک سروے میں ہر دس ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے ایک مارکٹ کی اشد ضرورت ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بلدیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہر کے مختلف مقامات پر 150 مارکٹوں کو عصری طریقہ سے قائم کریں اور ان مارکٹوں میں عصری انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے ۔ اس کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے جس کے ساتھ بلدیہ نے چیف منسٹر کی ہدایت پر عمل کا آغاز کرتے ہوئے اراضیات کی نشاندہی کیا اور ٹنڈرس کو بھی جاری کردیا ہے ۔ اسی دوران کمشنر و اسپیشل آفیسر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار کے بموجب بلدیہ نے پہلے مرحلے کے تحت 50 عدد عصری مارکٹوں کے قیام پر توجہ مرکوز کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک مارکٹ کی تعمیری لاگت کا تخمینہ 50 لاکھ روپئے رکھا گیا ہے ۔ جبکہ مارکٹوں کا ڈیزائن اور تجاویز زیر غور ہیں ۔ کمشنر بلدیہ کے مطابق ہر ایک مارکٹ کے قیام کیلئے کم از کم 400 مربع گز اراضی کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔ اس کیلئے ڈپٹی و زونل کمشنرس بلدیہ مخلوعہ اراضیات کی نشاندہی کر رہے ہیں ان مارکٹیوں کے قیام کیلئے 25 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ سومیش کمار نے مزید بتایا کہ ایسٹ زون کے تحت رامنتاپور حبشی گوڑہ ، منصورآباد ، بھوپیش گپتا نگر ، کرانتی نگر ، سرورنگر ، حڈا کامپلکس ، ونستھلی پورم ، گڈی انارم اور حیات نگر میں مارکٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ جبکہ سنٹرل زون کے تحت عیسی میاں بازار ، آزاد مارکٹ ، وجئے نگر کالونی ، لنگر حوض ٹینک ، معظم جاہی مارکٹ روڈ ، پتلی باؤلی وارڈ آفس ، گرین لینڈس جنکشن ، خیریت آباد ، پنجہ گٹہ ، صنعت نگر اور سائی راؤ نگر بستی میں اسی طرح ساؤتھ زون کے تحت نلگنڈہ چوراہا ، چارمینار ، سیف باد ، شانتی نگر ، رکھشاپورم ، مدھانی بس اسٹاپ ، بارکس ، جمعرات بازار اور راجندر نگر نارتھ زون کے تحت چنتل سوارام ، قطب اللہ پور ، سبھاش نگر ایسٹ ، ماریڈ پلی اور سیتا پھل منڈی ، ویسٹ زون کے تحت کنڈاپور رائے درگم بائیوڈائیورسٹی کے روبرو خواجہ گوڑہ ، گچی باؤلی ، مدینہ گورہ ، آر سی پورم ، پٹن چیرو ، کوکٹ پلی ، پرشانت نگر ، کوکٹ پلی ایم آر او آفس میں عصری مارکٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔