چارمینار کے قریب ای ۔ ٹائیلٹ برائے خواتین کا افتتاح

مئیر جی ایچ ایم سی ، کمشنر اور عوامی نمائندوں کا دورہ ، چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو جلد تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز) مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر رام موہن نے آج کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی اور دیگر منتخبہ عوامی نمائندوں کے ہمراہ تاریخی چارمینارکے دامن میں ای۔ٹوائلٹ برائے خاتون کا افتتاح کیا قبل ازیں انہوں نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کام میں مزید تیزی پیدا کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے لاڈ بازار میں جاری کھدائی اور فرش بچھانے کے کاموںکا جائزہ لیا اور بتایا کہ اندرون ایک ماہ لاڈ بازار میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کی تکمیل عمل میں لائی جائے گی اور اس کے فوری بعد چارمینار سے مکہ مسجد کی سمت تعمیری و ترقیاتی کا موں کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن راؤ کے ہمراہ ڈپٹی مئیر جناب بابا فصیح الدین ‘ رکن اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری‘ کارپوریٹر جناب محمد عبدالغفار کے علاوہ دیگر عہدیدارن بلدیہ موجود تھے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں خواتین کے لئے مخصوص ’شی۔ٹوائلٹ ‘ کی تنصیب اور اس کے افتتاح کے بعد مئیر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر کی تاریخی عمارت کے قریب عرصہ دراز سے معیاری بیت الخلاء کا مطالبہ کیا جارہا تھا اور اب جبکہ جی ایچ ایم سی نے ای۔ٹوائلٹ روشناس کروانے کا فیصلہ کیا ہے تو ایسی صورت میں تاریخی چارمینار کے دامن میں خواتین کیلئے مخصوص ٹوائلٹ کی تنصیب عمل میںلائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای۔ٹوائلٹ کے استعمال کیلئے صرف ایک روپیہ کا سکہ ڈالنا ہوگا۔ مسٹر بی موہن راؤ نے بتایا کہ فی الحال فوری طور پر ان شی ٹوائلٹ کی جگہ دستیاب ہونے کے سبب یہ ٹوائلٹ شروع کئے گئے ہیں لیکن بہت جلد اور مزید شی ٹوائلٹ کے علاوہ مردوں کیلئے بھی ای۔ٹوائلٹ کی جگہ کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ مئیر ‘ ڈپٹی مئیر اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے جاری کاموں کا معائنہ کے دوران تاجرین نے تعمیری و ترقیاتی کامو ںکی عاجلانہ تکمیل کیلئے نمائندگی کی تاکہ طویل عرصہ تک تجارت منتشر نہ رہے اور گاہکوں کو درپیش مشکلات سے جلد از جلد چھٹکارہ حاصل سکے۔مئیر کو عہدیداروں نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تفصیل اور فرش کے لئے استعمال کئے جانے والے پتھر کی تفصیل سے واقف کروایا اور کہا کہ اندرون ایک ماہ ان کاموں کو مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ موجودہ رفتار کے اعتبار سے اندرون ایک ماہ تمام کام مکمل کرلئے جائیں گے۔اس معائنہ کے دوران مئیرنے چارمینار کے اطراف توسیعی عمل کے متعلق عہدیداروں سے دریافت کیا جس پر عہدیداروں نے واضح کیا کہ تاحال اس سلسلہ میں سابق منصوبہ ہی برقرار ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے لیکن فرش اندازی کے کاموں کی تکمیل کے بعد جب تاریخی چارمینار کے اطراف فرش اندازی کا کام شروع کیا جائے گا اس وقت اس کام کو قطعیت دی جائے گی۔