حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ٹریفک پولیس نے چارمینار کے قریب آٹو کے پہنچنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے ۔ گلزار حوض سے آٹو کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔ اور انہیں چارمینار کی سمت بڑھنے نہیں دیا جارہا ہے ۔ اسی طرح چارمینار بس اسٹانڈ کے آگے آنے سے بھی آٹو پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ حسینی علم اور چوک سے چارمینار کی سمت بڑھنے والے آٹو ڈرائیورس کو لاڈ بازار سے موڑ دیا گیا ہے جس کے سبب چارمینار کے اطراف و اکناف ٹریفک میں عموماً نظر آنے والی بے ترتیبی نظر نہیں آرہی ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کے سبب آٹو ڈرائیورس سے زیادہ مقامی تاجرین میں ناراضگی پائی جاتی ہے لیکن پولیس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی عوامی مفادات کے پیش نظر کی گئی ہے اور چارمینار کے اطراف آٹو پارکنگ کے سبب سیاحوں کو اور راہگیروں کو کافی دشواریاں پیش آرہی تھیں اور ان حالات میں اس طرح کے سخت گیر اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو قابل عمل بنانے اور اس کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کے دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن یہ پراجکٹ ہمیشہ ہی سیاسی حکمت عملی کا شکار بنا رہا جس کے سبب اس کی تکمیل کا کوئی اندازہ نہیں لگاسکتا ۔ تاریخی چارمینار کو آلودگی سے بچانے اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے کئے گئے اس اقدام کی مختلف گوشوں سے ستائش بھی کی جارہی ہے چونکہ چارمینار کے دامن میں فراشاہ ہوٹل کے روبرو اور یونانی شفا خانہ کے سامنے والی سڑک پر آٹو کی بے ہنگم پارکنگ سے کافی لوگ پریشان تھے ۔ اس اقدام کے علاوہ ٹریفک پولیس نے چارمینار کے دامن میں موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ایک قطار میں کھڑے ہونے ہراساں نہ کرنے کا تیقن دیا ہے اور آگے بڑھتے ہوئے سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔۔