یکم جون سے عمل آوری ، ٹھیلہ بنڈی رانوں کو انتباہ : ٹریفک پولیس
حیدرآباد۔28مئی ( سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں اب آٹو نظر نہیں آئیں گے ۔ ٹریفک پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ چارمینار تک پہنچنے والے آٹوز کے رُخ کو تبدیل کردیا جائے ‘ چونکہ آٹو ڈرائیورس کی جانب سے بے ہنگم پارکنگ کے باعث چارمینار کے اطراف و اکناف ٹریفک کے آسان بہاؤ میں دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے بموجب یکم جون سے چارمینار کے آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے آٹوز کے داخلوں پر امتناع عائد کردیا جائے گا ۔اس فیصلہ سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ کافی غوروخوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چونکہ ابتداء میں ٹریفک پولیس نے شام 6بجے تا 9بجے چارمینار کے قریب آٹو کے داخلے پر امتناع عائد کرتے ہوئے تجربہ کیا اور پھر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم جون سے آٹوز پر چارمینار کے اطراف مکمل امتناع عائد کردیا جائے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب نیا پُل سے برائے مدینہ بلڈنگ چارمینار پہنچنے والے آٹو کو مدینہ بلڈنگ سے ہائیکورٹ کی سمت موڑ دیا جائے گا جبکہ شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی طرف آنے والے آٹو مغلپورہ کمان کی سمت موڑ دیئے جائیں گے ۔ چارمینار کے قریب آٹوز کو آنے نہیں دیا جائے گا اور ٹریفک پولیس نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں لگائے گئے تمام کھمبوں کو اکھاڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کھمبوں کے باعث ٹریفک میں جو خلل پیدا ہورہا ہے اُسے دور کیا جاسکے ۔ کروڑہا روپئے کے مصارف سے تیار کردہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی سست رفتاری نے نہ صرف بلدیہ کی دولت کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ شہریوں کی جانب سے ادا کئے جانے والا ٹیکس اس پراجکٹ میں تباہ ہورہا ہے ۔ بلدی عہدیداروں نے پراجکٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس پر عمل آوری و تعمیری کاموں کا آغاز کیا تھا لیکن اب جب کہ کام مکمل نہیں ہوپائے تو ایسی صورت میں ٹریفک پولیس مجبوراً اُن کھمبوں کو اکھاڑنے کا فیصلہ کرچکی ہے جو پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے گئے تھے ۔ ٹریفک پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کھمبوں کے باعث ان کی آڑ میں ٹھیلہ بنڈی اور پارکنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں مشکلات پیش آرہے ہیں ۔ علاوہ ازیں تاریخی چارمینار کو آلودگی سے پاک و محفوظ رکھنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو اس علاقہ سے دور رکھا جائے ‘ اسی لئے یکم جون سے آٹو کو مستقل چارمینار جانے سے روک دیا جائے گا جس طرح سابق میںبسوں کی روٹ تبدیل کردی گئی اُسی طرح آٹو کے راستے بھی تبدیل کردیئے جائیں گے ۔ مقامی عوام کی جانب سے پولیس کے اس فیصلے کو درست قرار دیا جارہا ہے چونکہ سڑک پر بیجا پارکنگ اور بے ہنگم طریقہ سے آٹو کھڑے کئے جانے کے باعث مشکلات پیدا ہورہی ہے لیکن پولیس کو امتناع کے ساتھ ساتھ متبادل انتظامات پر بھی غور کرنا چاہیئے چونکہ یہ معاملہ غریب آٹو رکشہ ڈرائیورس کا ہے ۔ حالیہ دنوں میں ٹریفک پولیس نے چارمینار ‘ مدینہ بلڈنگ ‘ پتھر گٹی روڈ پر زبردست اصلاحات کے ذریعہ ٹھیلہ بنڈیوں اور چھوٹے تاجرین کو مخصوص حد سے آگے نہ بڑھنے کی کامیاب مہم چلائی اور آگے بڑھنے کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے شعور بیدار کرنے کی کوشش کی گئی ۔ اسی طرح چارمینار کے دامن میں موجود ٹھیلہ بنڈیوں کے لئے بھی حد کا تعین کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے زنجیر لگادی گئی تھی اور اب ٹریفک پولیس کا نشانہ چارمینار پہنچنے والے آٹو ڈرائیورس رہیں گے ۔