چارمینار کے اطراف موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کو برخاست کرنے کا آغاز

عید الفطر کے دوسرے دن کارروائی ، ٹریفک پولیس اور چارمینار پولیس کو سخت مزاحمت کا سامنا
حیدرآباد۔6 جون(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں ماہ رمضان المبارک کے دوران ٹھیلہ بنڈی رانوں اور فٹ پاتھ تاجرین کو دی گئی رعایت فوری اثر کے ساتھ برخواست کردی گئی اور چارمینار کے اطراف موجود ٹھیلہ بنڈیوں کو فوری ہٹانے کے اقدامات شروع کردیئے گئے ۔ اے سی پی ٹریفک چارمینار مسٹر ناگنا کی زیر نگرانی کی گئی اس کاروائی کے دوران انہوں نے چارمینار کے دامن میں لگائی جانے والی ٹھیلہ بنڈیوں کو برخواست کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے انہیں فوری ہٹانے کی کاروائی شروع کردی اور عید الفطر کے دوسرے دن انجام دی گئی کاروائی کے دوران چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدودمیں موجود تمام غیر مجاز ٹھیلہ بنڈیوں کو ہٹادیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں موجود ٹھیلہ بنڈیاں صرف وہی باقی ہیں جنہوں نے عدالت سے احکام حاصل کئے ہیں اگر ان کی جگہ کوئی اور ٹھیلہ بنڈی لگانے کی کوشش بھی کرتا ہے تو وہ غیر قانونی ہوگی اور انہیں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں کسی بھی ٹھیلہ بنڈی یا عارضی کاروبار کو لگانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اس بات کی جی ایچ ایم سی کو طمانیت دی گئی تھی کہ بعد رمضان ان ٹھیلہ بنڈیوں کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود سے باہر کردیا جائے گا اسی لئے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے چارمینار کے اطراف تجارتی سرگرمیو ں میں اضافہ کے باوجود خاموشی اختیار کی تھی لیکن آج جب محکمہ ٹریفک پولیس اور چارمینار پولیس کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو سی پی پی کے حدود سے منتقل کیا جا رہا تھا تو انہیں سخت مخالفت کا سامناکرنا پڑا ۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹریفک پولیس جو جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بعد عدالتی احکام حاصل کرنے والوں کو چھوڑ کر دیگر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو فوری پراجکٹ کے حدود کے باہر کرنے کے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو مزید تیز کرنے کیلئے اقدامات اور حکمت عملی کیلئے تیار کی گئی کمیٹی کی جانب سے سفارشات موصول ہونے کے بعد مزید کاموں کا آغاز کیاجائے گا اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کے مقدمہ کی یکسوئی کو یقینی بنانے کیلئے جی ایچ ایم سی کے شعبہ قانون کو سخت ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔