پراجکٹ کی رکاوٹیں ختم ، جی ایچ ایم سی کے منصوبہ میں ترمیم ، کام میں تیزی
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) چارمینا ر پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کا احیاء عمل میں آچکا ہے اور گلزار حوض کے قریب بچھائے گئے پتھروں کو ہوئے نقصان کی مرمت کے ساتھ کاموں کو مزید تیز کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ پرانے شہر کے مرکزی مقام پر جاری اس پراجکٹ کو ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر روک دیا گیا تھا لیکن بعد ازاں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے اب ترقیاتی کاموں کا احیاء عمل میں لایا جا چکا ہے۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میںسب سے زیادہ طویل مدت سے چلائے جا رہے اس پراجکٹ میں بعض ترامیم کے بعد اس کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی گئی تھی لیکن دوبارہ اس پراجکٹ کے کاموں میں سست روی نظر آنے لگی تھی لیکن اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بہت جلد چارمینار سے لاڑ بازار کی سڑک پر فرش اندازی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر کام کر رہے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے اور اب اس پراجکٹ میں کسی گوشہ سے کوئی رکاوٹ پیدا کئے جانے کا خدشہ نہیں ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے پراجکٹ کے بعض امور میں معمولی تبدیلیوں پر قطعی فیصلہ کیا جا چکا ہے اور اس سلسلہ میں پراجکٹ سے متعلق ذمہ داران کو واقف کروا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے محکمۂ برقی کے عہدیداروں کو بھی اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ چارمینار کے اطراف زیر زمین برقی سربراہی نظام کو بہتر بنانے کے عمل کو فوری مکمل کرلیں لیکن باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب محکمۂ برقی نے موسم باراں کے اختتام کے بعد ہی ان کاموں کے آغاز کے اشارے دیئے ہیں اور کہا کہ موسم باراں کے دوران زیر زمین کیبل کی تنصیب کا کا کام کیا جانا انتہائی دشوار کن ہوتا ہے اسی لئے موسم باراں کے اختتام کے بعد ہی ان کاموں کا آغاز ممکن ہے۔ بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس پراجکٹ سے متعلق بلدیہ اپنے کاموں کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں تیز رفتار اقدامات کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ ریاستی وزیر بلدیہ کی جانب سے متعلقہ محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں کا اہم اجلاس بہت جلد طلب کیا جائے گا تاکہ تمام کاموں کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے عمل کا جائزہ لیا جا سکے۔