چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں سے تاجرین کو مشکلات

لاڈ بازار گرد و غبار کا شکار ، گاہکوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ
حیدرآباد۔2فروری(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری کاموں کے دوران اطراف و اکناف کے تاجرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اطراف بالخصوص لاڈبازار کے تاجرین کو روزانہ گرد و غبار کے علاوہ گاہکوں کی آمد و رفت میں ہونے والی مشکلات اور دکانات کے سامنے کی جانے والی غیر مجاز پارکنگ کے باعث تکالیف برداشت کرنی پڑ رہی ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت کے بعد چارمینار کے اطراف روزانہ دن اور رات تعمیری و ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود بھی کاموں کی رفتار کے متعلق عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے کیونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ جاریہ ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا سلسلہ سال 2018کے اختتام تک جاری رہے گا اور ان کاموں کی تکمیل کو عاجلانہ ممکن بنانے کی صورت میں کم از کم 11ماہ درکار ہیں۔منتخبہ عوامی نمائندوں اور علاقہ کے کارپوریٹرس کا کہنا ہے کہ پراجکٹ کی تکمیل کے لئے علاقہ کے عوام کو کچھ مشکلات برداشت کرنے پڑیں گے اور پراجکٹ کی تکمیل کے بعد راحت میسر آئے گی۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں چارمینار کے اطراف برقی تاروں کو بھی زیر زمین کرنے کا منصوبہ تھا اور اس کیلئے ایک مرتبہ دوبارہ کھدوائی کی نوبت نہ آئے کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کاموں کے دوران ہی محکمہ برقی کے کاموں کو بھی مکمل کرلیا جائے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے چارمینار کے دامن میں رات کے اوقات میں بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہنے کے سبب چارمینار کے پاس گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے ۔ لاڈ بازار کے تاجرین کا کہناہے کہ دن بھر کاموں کے جاری رہنے کے سبب دکانوں میں گرد و غبار جمع ہورہاہے اور ٹریفک کے لئے راستہ مسدود کردیئے جانے کے باعث لاڈبازار کو خریداری کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں 90 فیصد تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو تجارتی برادری کے لئے انتہائی تکلیف کا باعث ثابت ہورہی ہے۔ چارمینار کے اطراف جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل پر متوجہ عہدیداروں کی جانب سے چارمینار کے ممنوعہ حدود میں جاری غیر مجاز تعمیراتی کاموں کو نظرانداز کیا جانے لگا ہے اور اس جانب توجہ نہ دیتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کو فروغ کا موقع فراہم کیا جا رہاہے ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا کہناہے کہ ماہ ڈسمبر سے قبل پراجکٹ کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور اس نشانہ کو پورا کرنے کے لئے مختلف محکمہ جات اور مقامی عوام سے تعاون حاصل کیا جا رہاہے اور ساتھ ہی ساتھ بلدیہ کی جانب سے علاقہ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کو ممکن بنایا جا رہاہے جیسے کچہرے دانوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اسی طرح ماڈل لائٹنگ سسٹم کا کام بھی جاری ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں چارمینار کے دامن میں نصب کئے جانے والے پودوں کو بھی قطعیت دیدی گئی ہے جو کہ کنڈوں میں لگائے جائیں گے۔