چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کا عنقریب آغاز

جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی تاجرین سے بات چیت ، سائین بورڈس کی تبدیلی کے لیے ٹنڈرس بھی تیار
حیدرآباد۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کا عنقریب آغاز ہونے جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے چارمینار تا پتھر گٹی علاقہ میں موجود تاجرین سے بات چیت کے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ چارمینار تا پتھر گٹی موجود دکانوں کے سائین بورڈس کو یکساں بنانے کے عمل کا 2006 ء میں آغاز ہوا تھا اور اس سلسلہ میں سائین بورڈس کے ڈیزائین کو قطعیت دیدی گئی تھی لیکن تاحال لاڈبازار اور پتھر گٹی سڑک پر 25 تا 30 دکانوں پر ہی ان سرکاری منظورہ سائین بورڈس کی تنصیب عمل میں آئی ہے۔ آئندہ چند ماہ کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو منصوبہ تیار کیا ہے ، اس کے مطابق مزید 60 دکانوں پر نئے سائین بورڈس نصب کرتے ہوئے بڑ ے اور بے ڈھنگے سائین بورڈس ہٹائے جائیں گے۔ زونل کمشنر ساؤتھ زون مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدراباد کی جانب سے علاقہ کے تاجرین سے مشاورت کے عمل کا آغاز کرلیا گیا ہے اور بلدیہ کے سیکشن آفیسر کو اس بات کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے کہ وہ تاجرین کو بے ڈھنگے اور بڑے سائین بورڈس ہٹانے کیلئے رضامند کروائیں اور سائین بورڈس کی تنصیب کے عمل کو برق رفتاری کے ساتھ انجام دینے میں کوتاہی نہ کریں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو کے اس مرحلہ کے آغاز میں سائین بورڈس کی تبدیلی کے ذریعہ علاقہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے پر توجہ مبذول کی جائے گی ۔ سائین بورڈس کی تبدیلی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے اور اس سے عوام پر کوئی اثر نہ پڑنے کے سبب بلدی عہدیداروں نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ چارمینار پیدل راہرو والے کے احاطہ میں آنے والے تمام دکانات کے یکساں سائین بورڈس کی تنصیب کو یقینی بنانے کے بعد ہی پراجکٹ کے دوسرے امور پر مشاورت کی جائے۔ چونکہ سائین بورڈس کو یکساں بنانے کے اثرات راست یا بالواسطہ عوام پر مرتب نہیں ہوتے اسی لئے بلدی عہدیدار اس مسئلہ کو فی الفور حل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے سائین بورڈس کی تبدیلی کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی طلبی کی تیاریاں بھی مکمل کرلی ہیں اور بہت جلد سرکاری طور پر منظورہ خوبصورت سائین بورڈس چارمینار تا پتھر گٹی کے دکانات پر نصب کئے جائیں گے۔