ٹھیلہ بنڈی رانوں کو تجارت کی اجازت ، بلدیہ کو نمائندگیاں
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبار ک کے دوران تاریخی چارمینار کے دامن میں جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کو روک دیا جائے گا! حکومت تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے تاریخی چارمینار کے اطراف ترقیاتی کامو ںکی عاجلانہ تکمیل کے اعلانات کئے جا چکے ہیں لیکن کہاجا رہاہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران چارمینار پیدل راہرو پارجکٹ کے کاموں کو روک دیا جائے گا اور ماہ مقدس کے دوران تعمیری کاموں کو روکتے ہوئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کاروبار کا موقع فراہم کیاجائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ بعض گوشوں کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی خواہش کی جارہی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران چارمینار کے اطراف کے علاقو ںمیں چھوٹے کاروباریوں کو تجارت کا موقع فراہم کیا جائے کیونکہ چارمینار کے اطراف ماہ رمضان المبارک کے دوران ہزاروں لوگوں کے کاروبار ہوتے ہیں اور لوگ خریداری کیلئے پہنچتے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس اور محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے اس مسئلہ پر غور کرنے کا تیقن دیا گیا ہے لیکن محکمہ ٹریفک پولیس کے ذرائع کے مطابق ایسی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اگر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو اجازت فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں دوبارہ اس مقام سے ہٹانے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ٹھیلہ بنڈی راں اپنے کاروبار کو بچانے کیلئے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے حکم التواء حاصل کر رہے ہیں اسی لئے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں کوئی ٹھیلہ بنڈیوں کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور محکمہ پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے نشاندہی کردہ مقامات کے علاو ہ کہیں بھی ٹھیلہ بنڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ بلدی نظم نسق کے اعلی عہدیداروں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے ماہ رمضان المبارک کے دوران چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو مفقود کرنے کے سلسلہ میں تجویز دریافت کی جس پر جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ں نے واضح طور پر کہا ہے کہ اب جبکہ چارمینار کے اطراف مکمل راستہ مسدود کرتے ہوئے تعمیراتی کام انجام دیئے جارہے ہیں تو ایسی صورت میں ان کاموں کو روکنے کا کوئی جواز ہی پیدا نہیں ہوتا بلکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران کاموں کی رفتار میں تیزی پیدا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے بہت جلد چارمینار کے اطراف جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا جائے گا اور اس دورہ کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیاجائے گا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران پراجکٹ کے تعمیری کاموں کو جاری رکھا جائے یا روک دیا جائے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ پولیس نے یہ واضح کردیا ہے کہ چارمینار کے دامن میں جاری کاموں کو روکنے کی صورت میں دوبارہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کا قبضہ ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے کاموں کا سلسلہ جاری رکھنے کا مشورہ دیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کو روکنے کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔