معلنہ مدت میں کام کی تکمیل کی ہدایت ، صبح کی اولین ساعتوں میں پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کا دورہ
حیدرآباد۔23فروری (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کے علاوہ ان کے معیار پر کوئی مفاہمت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق نے صبح کی اولین ساعتوں میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا بلدی عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ لیا اور انہیں ہدایت دی کہ معلنہ مدت میں کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ مسٹر اروند کمار نے بلدی عہدیداروں سے پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری اقدامات اور اس پراجکٹ کے متعلق دیگر تفصیلات حاصل کی اور تمام پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اب تک جاری کام اطمینان بخش ہیں لیکن انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے عوامی شعور اجاگر کرنے کے علاوہ اطراف کے علاقو ں میں صفائی اور سیاحوں کی سہولت کے اقدامات کئے جانے بھی ضروری ہیں۔ بلدی عہدیداروں نے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے علاوہ محبوب چوک مارکٹ اور سردار محل کی ترقی کے منصوبہ سے بھی واقف کرواتے ہوئے تفصیلات پیش کی۔ مسٹر اروند کمار نے چارمینار پیدل راہروپراجکٹ کے سلسلہ میں دکانات کے سائن بورڈ اور اطراف کے تجارتی علاقہ کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کاموں کی رفتار کو بہتر بنانے اور معیار میں کوئی خامی نہ رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اس پراجکٹ کو شہر حیدرآباد کے اہم ترین پراجکٹس میں تصور کرتی ہے اوریہ پراجکٹ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار رہنے کے بعد اب شروع کیا جا چکا ہے اور اس کی رفتار بھی کافی بہتر ہے ۔ چارمینار کے اطراف پتھروں کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے اور مکہ مسجد کے روبرو جو ٹھیلہ بنڈیاں لگائی جاتی تھیں انہیں وہاں سے منتقل کردیا گیا ہے اور اس جگہ پر اب فرش اندازی کا کام شروع کیا جائے گا اس کے لئے سڑک کی کھدوائی کا عمل جاری ہے۔ بتایاجاتاہے کہ پراجکٹ کی تکمیل سے قبل حسینی علم کی سمت جانے والے نئے راستہ کی کشادگی کے سلسلہ میں بھی بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے تاکہ پراجکٹ کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ پیدا ہو۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو جاریہ سال ڈسمبر تک مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کئے ہوئے ہے۔