خلوت اور چارمینار کے قریب ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس، جی ایچ ایم سی کا فیصلہ
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں خلوت ملٹی لیول پارکنگ کے علاوہ چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ پر بھی ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے بموجب جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت ترقیاتی کاموں میں توسیع کی جائے تاکہ پیدل راہرو پراجکٹ کے بعد پارکنگ کے مسائل برقرار نہ رہیں۔ خلوت میں ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس طوالت کا شکار ہونے کے بعد اب ایک مرتبہ دوبارہ اس کامپلکس کی تعمیرکیلئے ٹنڈرس کی طلبی کا کام شروع کیا گیا ہے اور ساتھ ہی موجودہ چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ پر ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے منصوبہ کو بھی قطعیت دی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادنے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر جلد ترقیاتی کاموں کے آغاز کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف سیاحوں اور تاجرین کے علاوہ گاہکوں کی سہولت کیلئے ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کے منصوبہ کو قطعیت دینے کے متعلق کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ دو کامپلکس کو منظوری دیئے جانے کے بعد تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا اور پراجکٹ کے کاموں میں مزید تیزی لانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی جا رہی ہے ۔ خلوت میں پارکنگ کامپلکس کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہوئی تاخیر کے سبب مسئلہ تعطل کا شکار رہا لیکن اب حکومت کی منظوری کے ساتھ اس پارکنگ کامپلکس کے تعمیراتی کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جا رہے ہیں اور ٹنڈرس کو قطعیت دینے کے فوری بعد تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ موجودہ چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ نئے ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے منصوبہ کو قطعیت دینے سے قبل چارمینار بس اسٹینڈ میں جاری آرٹی سی کی تمام تر سرگرمیوں کو فلک نما میں نوتعمیر شدہ بس اسٹیشن منتقل کردیا جائے گا اور آر ٹی سی کی جانب سے فلک نما میں بنائے گئے بس اسٹیشن کو مکمل کارکرد بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔حکومت کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایات کے بعد چارمینار کے اطراف تیز رفتار تعمیراتی سرگرمیاں جی ایچ ایم سی کی جانب سے انجام دی جا رہی ہیں جن کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ان پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا آغاز بھی کردیا جائے گا ۔باوثوق ذرائع کے بموجب بس اسٹینڈ کی جگہ ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر عوامی خانگی شراکت داری منصوبہ کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔