چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف تمام سڑکیں بند

بلدیہ اور پولیس کی رات دیر گئے مشترکہ کارروائی میں ٹھیلہ بنڈیوں کا مکمل تخلیہ
حیدرآباد۔26فروری (سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں جاری ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کیلئے چارمینارپیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف کی تمام سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے اور اب کوئی ٹھیلہ بنڈی ‘ موٹر سیکل‘ آٹو رکشا‘ موٹر کار وغیرہ چارمینار کے قریب نہیں پہنچ پائیں گے۔ محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے رات دیر گئے چارمینار کے اطراف موجود تمام ٹھیلہ بنڈیوں کو ہٹا دیا گیا اور چارمینارکی سمت پہنچنے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا۔ محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی نگرانی میں چارمینار پہنچنے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے ٹریفک کے رخ مکمل طور پر موڑ دئے گئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری وترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں جاری رکاوٹیں پراجکٹ کی تکمیل رتک جوں کی توں برقرار رہیں گی اور پراجکٹ کی تکمیل کے بعد کس جگہ سے رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی اور کہاں پارکنگ کی جگہ فراہم کی جائے گی اس بات کو قطعیت دی جائے گی۔رات دیر گئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی منتقلی کے دوران کئی سرکردہ عہدیدار موجود رہے اور ٹھیلہ بنڈیوں کو پراجکٹ کے حدود سے باہر کردیا گیا اور اس کے فوری بعد رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ عہدیدار چارمینار کے اطراف و اکناف ٹھیلہ بنڈیوں کی منتقلی کو سب سے اہم مرحلہ تصور کر رہے تھے لیکن رات دیر گئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو دونوں محکموں کے عہدیداروں کی نگرانی میں ہٹا دیا گیا۔ منتقل کئے گئے ٹھیلہ بنڈی رانوں نے آج دوپہر احتجاجی جلوس منظم کرتے ہوئے جبری منتقلی کے خلاف احتجاج کیا ۔