چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے موثر منصوبہ بندی لازمی

حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں تاریخی چارمینار کے قریب پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت عرصہ دراز سے علاقہ کو خوبصورت بنانے کا کام زور و شور سے چل رہا ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس کے باوجود بھی منصوبہ بندی کا فقدان ہے ۔ کیوں کہ اگر ایسا نہ ہوتا تو پتھر بچھائے جانے کے بعد دوبارہ کھدوائی نہیں کرنی پڑتی ۔ قصہ دراصل یہ ہے کہ پتھر بچھائے جانے کے بعد حکام کو پتہ چلا کہ زیر زمین ڈرینج کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے جب کہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ پتھر بچھانے سے قبل دیگر مسائل کی یکسوئی کی جاتی ۔ لہذا بچھے ہوئے پتھروں کو ایکبار پھر اکھاڑا گیا اور ڈرینج لائن کی درستگی کے بعد انہیں دوبارہ بچھایا جائے گا ۔ قارئین بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس سے وقت ، پیسہ اور میٹریل کا کتنا نقصان ہوا۔ عام طور پر مختلف پراجکٹس مناسب منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ امید کی جاتی ہے کہ اب چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ تیزی سے مکمل کیا جائے گا ۔۔