چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کا اگلا مرحلہ شروع

لاڈ بازار سڑک پر تعمیراتی سرگرمیوں کی اندرون 15 یوم تکمیل
حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اگلے مرحلہ کا جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے رات دیر گئے آغاز کردیا ہے۔عرصہ دراز سے تعطل کا شکار چارمینارپیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیراتی سرگرمیوں کا از سرنو آغاز مسٹر کے ٹی راما راؤ کے دورہ پرانا شہر کے بعد ہوا تھا اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار تا گلزار حوض کی سڑک پر فرش کرتے ہوئے پیدل راہرو پراجکٹ کی ایک سمت کا کام مکمل کرلیا گیا ۔اس سے قبل کانگریس کے دور حکومت میں چارمینار سے کوٹلہ عالیجاہ جانے والی سڑک پر فرش اندازی کے ذریعہ کام کی تکمیل انجام پا چکی تھی لیکن اب جی ایچ ایم سی کی جانب سے لاڑ بازار کی سڑک پرتعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے اور اندرون 15یوم اس سڑک پر فرش اندازی کے کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے پراجکٹ سے متعلقہ عہدیداروں نے اس سڑک کو مکمل بند رکھتے ہوئے دن رات کام جاری رکھنے کا منصوبہ تیار کئے ہوئے ہیں تاکہ بند سڑک کی جلد از جلد کشادگی عمل میں لائی جا سکے۔چارمینار سے لاڑ بازار کی سمت جانے والی سڑک کی تعمیر کے مرحلہ کی تکمیل کے بعد چارمینار سے مکہ مسجد کی جانب والی سڑک باقی رہ جاتی ہے اور اس سڑک کی تعمیر کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال کے پہلے سہ ماہ میں تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد علاقہ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ لاڑ بازار میں شروع کئے گئے کاموں کی تکمیل کیلئے دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے تال میل کے ساتھ تعمیری سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔