حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) پرانے شہر میں ایک مرتبہ پھر چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ سردار محل سے چارمینار آنے والی سڑک پر چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت جو پتھر بچھائے گئے تھے اُنھیں مزید توسیع دی جانے لگی ہے لیکن اِس پراجکٹ کی جو حالت مدینہ بلڈنگ تا چارمینار دیکھی جارہی ہے اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پراجکٹ ختم کردیا گیا ہے مگر سردار محل سے کوٹلہ عالیجاہ سڑک پر ایک مرتبہ پھر پتھر بچھانے کے عمل کا آغاز یہ اشارہ دے رہا ہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو کوڑے دان کی نذر نہیں کیا گیا ہے
لیکن بلدی عہدیدار اِس بات کا جواب دینے سے قاصر ہیں کہ مدینہ بلڈنگ سے چارمینار تک پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے تھے اُنھیں تباہ کیا جارہا ہے لیکن اِس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی کاموں کے آغاز سے قبل اِس بات کو واضح کرے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پائے تکمیل کو پہنچایا جانے والا ہے یا پھر اِس پراجکٹ کو ختم کردیا گیا ہے۔ چونکہ آئے دن عوام کو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پیدل راہرو پراجکٹ ناکام ہوگا، اِس خدشہ کے تحت پراجکٹ کو ختم کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ سرکاری عہدیدار اِس مسئلہ پر کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کررہے ہیں۔
مذکورہ پراجکٹ کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے منتخبہ عوامی نمائندوں کے ہمراہ پارکنگ کیلئے جگہوں کے انتخاب کے سلسلہ میں دورہ بھی کیا تھا لیکن اِس کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ شائد یہی وجہ ہے کہ پراجکٹ کی رفتار میں سستی پیدا ہوئی ہے۔ اِسی پراجکٹ کے تحت چارمینار تا مدینہ بلڈنگ خوبصورتی میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات بالکلیہ طور پر ماند پڑچکے ہیں اور اِس سلسلہ میں کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں اِسی پراجکٹ کے حصہ کے طور پر مدینہ بلڈنگ تا چارمینار بالخصوص پتھرگٹی کی دوکانات پر یکساں نوعیت کے بورڈ آویزاں کرنے کے متعلق ایک منصوبہ تیار کیا گیا تھا اور اِس سلسلہ میں باضابطہ احکامات جاری ہوئے تھے لیکن لاڈ بازار کے علاوہ پتھرگٹی کی بعض دوکانات پر اِن سائن بورڈس کو آویزاں کئے جانے کے بعد یہ مسئلہ بھی جوں کا توں ہوگیا اور اِس پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس سے عوام میں یہ پیغام جارہا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اِس پراجکٹ پر کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔