چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر جی ایچ ایم سی کی خاموشی

بلدیہ میں منظوری کے بعد کاموں کو تیز کیے جانے کا امکان
حیدرآباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کام جوکہ دو ماہ قبل تیز رفتاری کے ساتھ شروع کئے گئے تھے ایک مرتبہ پھر روک دیئے گئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر تیسری مرتبہ تیز رفتار کاموں کا آغاز عمل میں لایا گیا تھا اور فوری طورپر چارمینار کے اطراف و اکناف موجود قبضہ جات کی برخواستگی کے علاوہ پراجکٹ کے مطابق علاقہ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا گیا تھا لیکن چند ہفتوں تک سرگرمیاں دکھانے کے بعد بلدیہ نے ایک مرتبہ پھر اس پراجکٹ کے متعلق خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے لاڈبازار میں غیرمجاز طورپر آگے بڑھے ہوئے تجارتی مراکز کو پیچھے ہٹادیا گیا اور سائن بورڈس نکالنے کی ہدایت دی گئی تھی ، اُس کے بعد سے لاڈبازار کے علاقہ کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے لیکن بلدیہ کی جانب سے تاحال نئے سائن بورڈس کی تنصیب سے متعلق کوئی رہنمایانہ خطوط جاری نہیں کئے گئے جس سے مقامی تاجرین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ اسی طرح چارمینار سے شاہ علی بنڈہ جانے والی سڑک پر بھی معمولی توسیع کے کام انجام دیئے گئے اور پھر اس کے بعد خاموشی اختیار کرلی گئی ۔ چارمینار راہرو پیدل پراجکٹ سے متعلق ساؤتھ زون مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبہ کے متعلق مکمل طورپر کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں چونکہ اس پورے معاملے کی نگرانی راست طورپر چیف سٹی پلانر کررہے ہیں ۔ اسی طرح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر سے موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ساؤتھ زون نے قبضہ جات کی برخواستگی کے اقدامات کئے تھے ۔ اگر جی ایچ ایم سی کی جانب سے مزید قبضہ جات کی فوری برخواستگی کے احکامات موصول ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں ایک مرتبہ پھر چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کا دوبارہ آغاز کیا جاسکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی عہدیداروں کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلے میں انجام دیئے جانے والے کاموں کی منصوبہ بندی جی ایچ ایم سی صدر دفتر کو روانہ کردی گئی ہے جنھیں منظوری حاصل ہونے کے بعد ہی چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر عمل آوری کے کاموں کو تیز کیا جاسکتا ہے ۔ شاہ علی بنڈہ اور چارمینار بس اسٹانڈ کے قریب واقع چھوٹے بیوپاریوں کو بلدیہ کی جانب سے برخاست کروایا گیا تھا اور بیوپاریوں نے پرانے شہر کی ترقی اور پراجکٹ کی تکمیل کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کی تھی لیکن ان چھوٹے کاروباریوں کو تخلیہ کرانے کے باوجود پراجکٹ کی رفتار میں تیزی نہ لایا جانا افسوسناک ہے ۔