حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ عملاً کارکرد ہوچکا ہے اور اندرون ایک ہفتہ نئی ٹریفک پالیسی پر عمل شروع ہوجائے گا جس کے تحت چارمینار کے اطراف آٹوز کی آمدورفت پر پابندی عائد رہے گی۔ سٹی کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے آج زونل کمشنر بلدیہ کے علاوہ ٹریفک سربراہ مسٹر جتیندر اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ٹریفک پابندی پر عمل آوری میں عوام سے تعاون کی بھی اپیل کی ساتھ ساتھ فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے غریب افراد کو یہ طمانیت دی کہ ان کا روزگار متاثر نہیں ہوگا۔ امکان ہے کہ اگسٹ کے پہلے ہفتہ سے نئی ٹریفک پالیسی پر عمل ہوگا ۔