جی ایچ ایم سی سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔30مارچ(سیاست نیوز) چارمینار ‘ لاڈ بازار اور پتھر گٹی کی دوکانوں پر موجود سائن بورڈکو نکالتے ہوئے ان کی جگہ یکساں سائن بورڈس کی تنصیب کا عمل شروع کرنے کی غرض سے دوکانوں کے سائن بورڈس بالخصوص بڑے بڑے ہورڈنگس کو نکالنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں تیزی کے ساتھ اطراف و اکناف کے علاقہ کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گذشتہ یوم جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے پتھر گٹی کی کمانوں پر لگائے گئے بڑے ہورڈنگس و بیانر کو ہٹا دیا گیا ۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار کے اطراف غیر مجاز بیانرس اور ہورڈنگس کو نکالنے کے ساتھ دکانوں پر بڑے بورڈس لگائے جانے پر پابندی عائد کردی جائے گی اور اس پابندی کے بعد اب کوئی بورڈ آویزاں نہیں کئے جاسکیں گے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پتھر گٹی کی کمانوں پر موجود ہورڈنگ نما سائن بورڈس کو ہٹانے کے علاوہ چارمینار کے اطراف کے تاجرین کو یکساں سائن بورڈ کی تنصیب کیلئے تیار رہنے تاکید کی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ بڑے بورڈ س و ہورڈنگس کی تنصیب پر بلدیہ کی جانب سے سخت کاروائی کی جائیگی۔ چارمینار کے دامن میں گذشتہ دو یوم سے جاری ہورڈنگس اور سائن بورڈ س کے خلاف مہم کے سلسلہ میں عہدیداروں نے کہا کہ چارمینار کے اطراف تاریخی عمارتوں کی خوبصورتی کو بحال کرنے اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے تحت ہی یہ کاروائی کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے ساؤتھ زون عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام دکانات پر موجود بڑے سائن بورڈ س کو نکالتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند بنایاجائے کہ وہ آئندہ مستقبل میں اس طرح کے عمل سے باز رہیں کیونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر کو خوبصورت بنانے کے علاوہ شہر کی تاریخی عمارتوں کی بحالی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تمام شہریوں کو بالخصوص شہر کے مرکزی مقامات پر تجارت کرنے والے تاجرین کو تعاون کرنا چاہئے۔ اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے عوام اور تاجرین میں شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔
سی اے جی رپورٹ سے حکومت کے کھوکھلے دعوے آشکار ۔ بی جے پی کا رد عمل
حیدرآباد 30 مارچ ( آئی این این ) تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ کے انکشافات ٹی آر ایس حکومت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ سی اے جی نے اپنی رپورٹ میںریاستی حکومت کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں کو واضح کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ریاستی حکومت نے مرکزی فنڈز کا استعمال نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین بارہا ریاستی حکومت کو یاد دہانی کروائی تھی کہ فنڈز کا موثر استعمال کرے ۔