مسائل کو حل کرنے کا تیقن ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔30مئی(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمدمحمودعلی کے ہاتھوں چارمینار یونانی شفاء خانہ کے نئے آوٹ پیشنٹ بلاک کا سنگ بنیاد رکھاگیا۔ اس موقع پر الحاج محمد محمودعلی نے خطاب کرتے ہوئے یونانی طرز علاج کو قدیم اور مضر اثرات سے پاک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اس کو نظر انداز کرتے ہوئے تمام ڈاکٹر الوپتھی پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔تاہم حکومت یونانی علاج کو فروغ دینے کیلئے اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ چند دن قبل ریاستی وزیرصحت کے ہمراہ انہوں نے چارمینار شفاء خانہ کا تفصیلی دورہ کیاتھا اس موقع پر ہاسپٹل انتظامیہ نے انہیں مختلف مسائل سے بھی واقف کروایا جس پر انہوں نے ہاسپٹل کے مسائل کے متعلق انتظامیہ کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے فوری بعد اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دواخانے میںعملے کی قلت پر کہا کہ جلد ہی نرسوں کے تقرر کو یقینی بنایا جائے گا ۔ دواخانے کی حالت زار پر بتایا کہ سابق حکومتوں نے اس دواخانے پر توجہ نہیں دی ۔ جس کی وجہ سے یہاں پر سہولیات کا فقدان ہے۔ جناب محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ حکومت نے چارمینار شفاء خانہ کو عصری بنانے اور مریضو ں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ او پی بلاک کی تعمیر ات بھی بہت جلد تکمیل کرلی جائے گی ۔جناب محمد محمودعلی نے تاریخی شفاء خانہ چارمینار کی اندرونی حصوں کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ بارش میںخستہ حال دیواریں اور چھت سے ٹپکنے والا برساتی پانی مریضوں کی مشکلات میںاضافے کی وجہہ بن رہا ہے ۔ بہت جلد دواخانے کی چھت اور دیواروں کی مرمت کرانے کا بھی اسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا ۔ اس موقع پر شفاء خانہ انتظامیہ کے ذمہ داران بھی موجودتھے۔