عظیم اتحاد کے کانگریس امیدوار محمد غوث کی عظیم الشان ریالی، مختلف مقامات پر خطاب
حیدرآباد۔2ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک سے فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے چارمینار پر ترنگا لہرائے گااور رنگوں کی بنیاد پر اقوام کی شناخت کا تصور ختم ہونا شروع ہوجائے گا۔ ہندستان میں فرقہ پرستی کے فروغ کیلئے دو بھائیوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ان کی فرقہ پرستی کو دی جانے والی ہوا کے سبب ہی شمالی ہندمیں گائے کے نام پر مسلمانوں کے قتل ہوئے اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک سے مکمل طور پر فرقہ پرستوں کو شکست دی جائے۔ جناب محمد غوث نے آج جلو خانہ ‘ خلوت‘ ہمت پورہ‘ شاہ علی بنڈہ‘ آشا ٹاکیز کے علاوہ حلقہ اسمبلی چارمینار کے مختلف علاقوں میں عظیم الشان ریالی منظم کی اور ریالی کے دوران مختلف مقامات پر ان رائے دہندوں اور حامیوں کی جانب سے ان کی بکثرت گلپوشی کی گئی ۔ جناب محمد غوث نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چارمینار میں مودی کو گالی دینے سے مودی کی شکست نہیں ہوگی بلکہ ملک بھر میں مودی کی ناکامیوں کو پیش کرتے ہوئے کانگریس بھارتیہ جنتا پارٹی کو ناکام بنانے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ حلقہ اسمبلی چارمینار میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے خوفزدہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے والے سیاسی قائدین ملک بھر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں ان کے حصہ لینے کا مقصد کسی شخصیت کی شکست نہیں ہے بلکہ وہ ایک تباہ کن نظام کے خلاف نبردآزما ہیں جو کہ لینڈ مافیا اور سودخوروں کے دم پر ترقی حاصل کرچکا ہے۔ جناب محمد غوث کی ریالی میں ان کے ہمراہ سی پی آئی قائد مسٹر ای ٹی نرسمہا‘ مولانا سید احمد محی الدین قادری حیدرپاشاہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ انہوں نے مسلمانوں میں انتشار کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ (محمد غوث) اس جماعت کے امیدوار ہیں جو تمام اقوام کے درمیان اتحاد پیدا کرتے ہوئے ملک کو فرقہ واریت سے پاک رکھنے میں اب تک کامیاب رہی لیکن بعض سیاسی جماعتوں نے ملک بھر میں منافرت پھیلاتے ہوئے ہندستان کی فضاء کو اس حد تک خراب کردیا کہ سارے ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیابی حاصل ہونے لگی جس کے نتیجہ میں ان کی خدمات باضابطہ بی جے پی کی جانب سے حاصل کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جماعت کو فروغ دینے کی کوشش ہو رہی ہے ۔جناب محمد غوث نے بتایا کہ کانگریس مولانا پارٹی صرف گاندھی خاندان کی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ مولانا ابوالکلام آزادؒ‘ مولانا شیخ حسین احمد مدنیؒجیسی عظیم شخصیتیں بھی اس کانگریس میں شامل رہیں اور کانگریس جناح اور ساورکر کے نظریہ کو مسترد کرنے والی سیاسی جماعت ہے ۔انہو ںنے کہا کہ شہر حیدرآباد میں کانگریس کی سونامی سے دونوں ہی نظریات بوکھلاہٹ کا شکار بنے ہوئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ کسی بھی طرح سے کانگریس کے اس انقلاب کو روکا جائے۔حلقہ اسمبلی چارمینار کے کانگریس امیدوار محمد غوث نے کہا کہ ان کے حلقہ اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہے اور مقامی جماعت کے صدر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ان کے حریف امیدوار دھمکی آمیز گفتگو پر اتر آئے ہیں جو کہ ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔انہو ںنے کہا کہ انتخابی جلسوں میں جس طرح کی زبان استعمال کی جا رہی ہے اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی 25سال تک نمائندگی کے دوران کس طرح سے غنڈہ گردی کی سرپرستی کی گئی اور سود خوروں کی مدد سے کامیابی حاصل کی جاتی رہی ہے ۔